نابینا اسکیٹ بورڈ کھلاڑی کی حیران کن ویڈیو وائرل

ویب ڈیسک  جمعـء 28 اکتوبر 2022
ڈین مینسینا سفید چھڑی کی مدد سے اسکیٹنگ کے شاندار کرتب دکھاتےہیں جنہیں دیکھ کر دنیا حیران ہوئی ہے۔ فوٹو: سی این این

ڈین مینسینا سفید چھڑی کی مدد سے اسکیٹنگ کے شاندار کرتب دکھاتےہیں جنہیں دیکھ کر دنیا حیران ہوئی ہے۔ فوٹو: سی این این

مشی گن: ڈین مینسینا بینائی کھونے کے ایک عجیب مرض کے شکار ہیں لیکن اسکیٹنگ کی دنیا میں وہ غیرمعمولی کھلاڑی تصور کئے جاتے ہیں۔ ان کی ویڈیو لاکھوں ناظرین نے دیکھی اور پسند کی ہے۔

’ پوری زندگی میری بینائی دھیرے دھیرے ختم ہوتی رہی۔ پھر 20 سال کے عشرے میں معلوم ہوا کہ مجھے اعصابی تنزلی کا مرض ’ریٹائنس پگمینٹوسا‘ لاحق ہوا جس نے روزمرہ زندگی مشکل بنادی۔ اس کے بعد میں کار اور سائیکل چلانے کے قابل نہ رہا،‘ ڈین نے بتایا۔

 

پھر یہ ہوا کہ ان کی بصارت اتنی کمزور ہوگئی کہ وہ اپنے گھر سے باہر بھی نہیں نکل سکتے تھے لیکن 35 سال کی اس عمر میں وہ ہمت نہیں ہارنا چاہتے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ اچانک انہیں ایک مشکل کھیل کا خیال آیا جو اسکیٹنگ تھا کیونکہ وہ 13 سال کی عمر میں اسکیٹنگ کا شوق پورا کرتے رہے تھے۔

اس کےبعد انہوں نے سمت کےتعین اور کرتب کی دوبارہ تربیت لی اور ہاتھ میں ایک سفید چھڑی تھام لی جو انہیں رکاوٹوں سے آشنا کراتی ہے۔ اس کے بعد ڈین نے باقاعدہ اسکیٹنگ شروع کردی اور اس پر ہرروز مہارت حاصل کرتے رہے۔

اب یوٹیوب، انسٹاگرام اور فیس بک پر ان کی ویڈیو موجود ہیں جو تیزی سے وائرل ہورہی ہیں۔ پھر دیگر اسکیٹر نے بھی ان کی مدد کی اور یوں وہ اپنے کھیل میں آگے بڑھتے رہے۔ یہاں تک کہ وہ ثابت کرچکےہیں کہ جنون کے سامنے نابینا پن کوئی بڑی رکاوٹ نہیں ہوتی ۔

انہوں نے نابینا کھلاڑیوں کے لیے ایک پارک بنانے کا ارادہ کیا ہے اور اس کے لیے 40 ہزار ڈالر کی رقم بھی جمع کرچکے ہیں۔ اس پارک میں اسکیٹنگ کی سہولیات بھی میسر ہوں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔