بھارتی سورما پروٹیز کو بھی ترنوالہ سمجھنے لگے

روہت الیون کی فتح سمیٹ کر گروپ میں ناقابل شکست رہنے پر توجہ مرکوز


Sports Desk October 30, 2022
زمبابوے نے بھی بنگلہ دیش کو مات دینے کے سہانے خواب آنکھوں میں سجالیے۔ فوٹو: فائل

آئی سی سی مینز ٹوئنٹی 20 ورلڈکپ میں اتوار کو بھارت کا مقابلہ جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کا سامنا زمبابوے سے ہوگا۔

آج گروپ 2 کی تمام 6 ٹیمیں ایکشن میں ہوں گی، پرتھ کی باؤنسی وکٹ پر بھارتی بیٹرز کی آزمائش ہوسکتی ہے، بظاہر بھارت فیورٹ ہوگی، جو اپنے ابتدائی دونوں میچز جیتنے والی ایونٹ کی واحد ٹیم بنی ہے۔

دوسری جانب پروٹیز بھی بھارت پر غلبہ پانا چاہیں گے بصورت دیگر پاکستان سے میچ ان کے لیے بقا کا مسئلہ بن جائے گا،ویراٹ کوہلی کو ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ میں مہیلا جے وردنے کے سب سے زیادہ رنز کا ریکارڈ توڑنے کے لیے مزید 28 کی اننگز درکار ہوگی، گذشتہ میچ میں انھوں نے کرس گیل کو پیچھے چھوڑ کر دوسری پوزیشن تک رسائی پالی ہے۔

جنوبی افریقہ کے ریلی روسو بھی شاندار فارم میں ہیں، بھارتی اپنی فاتح الیون میں کسی تبدیلی کاارادہ نہیں رکھتا، جنوبی افریقہ ایک اسپنر کو ڈراپ کرکے چوتھے پیسر کو سامنے لائے گا، تبریز شمسی کی جگہ لونگی نگیڈی کو مل سکتی ہے، وین پارنیل اور مارکو جینسن میں بھی ٹائی پڑسکتی ہے۔

پرتھ کی باؤنسی وکٹ پر بولرز کو محنت کرنا پڑے گی، بارش کا امکان محض 14 فیصد ہے۔

دوسری جانب برسبین میں بنگلہ دیش اور زمبابوے کی ٹیمیں صف آرا ہوں گی، زمبابوین ٹیم پاکستان کیخلاف ملنے والی غیرمعمولی کامیابی کی بدولت آسمان کی بلندیوں پر ہے، ٹائیگرز دباؤ کا شکار ہیں، زمبابوے کے پاکستانی نڑاد سکندر رضا نے دھاک جمارکھی ہے۔

ٹائیگرز نے نیدرلینڈز کیخلاف کامیابی سمیٹی تھی لیکن پھر جنوبی افریقہ نے ان کا اعتماد چکناچور کردیا، دونوں ٹیمیں پہلی بار ورلڈ کپ میں مقابل آرہی ہیں، شکیب رواں برس تین ففٹیز بناکر نمایاں رہے ہیں تاہم بولنگ میں ان کی اوسط رواں برس 7.84 رہی ہے، جو کسی طور ان کے شایان شان نہیں کہی جاسکتی۔

زمبابوے وننگ کمبی نیشن کو چھیڑنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا البتہ بنگلہ دیش بیٹنگ میں یاسرعلی کو واپس لائے گا، برسبین میں اب تک منعقدہ 6 ٹوئنٹی 20 میچز میں سے پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیمیں چار میچز جیت پائی ہیں، پہلی اننگز میں اوسط اسکور 168 رہا ، موسم کی مداخلت کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔

مقبول خبریں