کراچی میں ڈاکوؤں نے بھرے بازار میں دو دکانیں لوٹ لیں

اسٹاف رپورٹر  بدھ 2 نومبر 2022
فوٹو : اسکرین گریب

فوٹو : اسکرین گریب

 کراچی: کھارادر کھجور مارکیٹ کے بھرے بازار میں ڈاکوؤں نے دو دکانیں لوٹ لیں جس کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق شہر بھر میں اسٹریٹ کرمنلز اور ڈاکوٶں کی آزادانہ لوٹ مار کا سلسلہ جاری ہے، اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتیوں پر قابو پانے کے لیے پولیس کی ہرحکمت عملی مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے۔

کھارادر تھانے کے علاقے اولڈ سٹی ایریا کجھور مارکیٹ میں دن دھاڑے مسلح ملزمان کی جانب سے آزادانہ لوٹ مار کی گئی۔

مسلح ملزمان کی جانب سے دکانوں کو لوٹے جانے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مسلح ملزمان بھرے بازار میں آزادنہ طور پر لوٹ مار کرتے رہے، ایک دکاندار نے ڈاکوؤں کو دیکھ کر اپنے گلے سے کیش دائیں بائیں چھپانا شروع کر دیا تھا لیکن مسلح ملزمان دو دکانیں لوٹ کر تسلی کے ساتھ فرار ہوگئے۔

رابطہ کرنے پر ایس ایچ او کھارادر نند لال نے بتایا کہ واردات چند روز قبل ہوئی ہے اور پولیس نے واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ پولیس نے متاثرہ دکانداروں سے رابطہ کیا لیکن کسی بھی دکاندار نے ایف آئی آر درج نہیں کروائی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔