عمران خان کو اگر اپوزیشن کرنی ہے تو سڑکیں چھوڑ کر پارلیمںٹ میں آئیں، بلاول بھٹو

ویب ڈیسک  جمعرات 15 دسمبر 2022
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

 نیویارک: وزیر خارجہ اور پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آج کا بھارت ہندو بالادستی والا ہندوستان ہے، پاکستان اور بھارت کی نوجوان نسل امن چاہتی ہے۔

امریکی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں وزیر خارجہ نے کہا کہ ’پاکستان اور بھارت کی نوجوان نسل سیاست کی نفرت سے تنگ آچکی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان امن چاہتی ہے، ہمارا مستقبل نوجوان نسل کے ہاتھوں میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم تقسیم کی سیاست کو اتحاد کی سیاست سے تبدیل کریں گے، الیکشن میں اُن اداروں نے مداخلت کی جن کا سیاست میں کوئی عمل دخل نہیں بنتا، یہی غیر سیاسی ادارے عمران خان کو اقتدار میں لے کر آئے، سنہ 2007 کے بعد ملک میں جمہوری اقدار واپس آرہی تھیں اور عمران خان دور سے پہلے اقتدار کی جمہوری منتقلی کا عمل سامنے آرہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اپوزیشن کرنے کیلیے سڑکیں چھوڑ کر پارلیمنٹ میں آئیں، عمران خان اقتدار میں نہیں تو کیا اُن کی انا کیلیے سارا انتظام لپیٹ دیں ایسا نہیں ہوسکتا کیونکہ جمہوریت عوام کے دم سے ہے۔

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔