نیپرا نے ڈسکوز کیلئے 32 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دیدی

ویب ڈیسک  ہفتہ 17 دسمبر 2022
سی پی پی اے نے 25 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی (فوٹو فائل)

سی پی پی اے نے 25 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی (فوٹو فائل)

 اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے واپڈا کی سابق تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کیلئے اکتوبر کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 32 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دیدی۔

نیپرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے 25 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی، جس پر اتھارٹی نے 29 نومبر 2022 کو فیول چارجز ایڈجسمنٹ (ایف سی اے) پر عوامی سماعت کی تھی۔

نیپرا کا کہنا ہے کہ اس سے قبل ستمبر میں فیول چارجز ایڈجسمنٹ کی مد میں صارفین سے 8 پیسے فی یونٹ اضافے کے ساتھ چارج کیا گیا تھا، جو صرف ایک ماہ کیلئے لاگو ہوا تھا جبکہ اکتوبر کا ایف سی اے ستمبر کی نسبت 40 پیسے فی یونٹ کم چارج کیا جائے گا جس کا اطلاق صرف دسمبر کے ماہانہ بلوں پر ہوگا۔

نیپرا نے کہا اضافے کا اطلاق ڈسکوز کے تمام صارفین ماسوائے لائف لائن، 300 یونٹس تک گھریلو صارفین، زرعی صارفین اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز پر ہوگا البتہ کے الیکٹرک صارفین پر بھی بل کا اطلاق نہیں ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔