لاہور میں ماحول دوست ہائبرڈ بسیں چلانے کا فیصلہ

ویب ڈیسک  اتوار 18 دسمبر 2022
فائل فوٹو

فائل فوٹو

 لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے لاہور میں ماحول دوست ہائبرڈ بسیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ کی زیر صدارت پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کا 20واں اجلاس ہوا جس میں پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی آکشن پالیسی کی منظوری دی گئی۔

چوہدری پرویزالہٰی نے نئی بسوں میں خواتین، اسپیشل اور نابینا افراد کے لیے سیٹیں مخصوص کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسپیشل اور نابینا افراد کے لیے بس کے دروازے کے قریب سیٹیں مختص کی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ نے لاہور میں نئے بس اسٹاپ بنانے کی ہدایت دی اور کہا کہ خواتین خصوصاً طالبات کے تعلیمی اداروں کے اوقات کار کو مدنظر رکھ کر نئی بسوں کے روٹس کا تعین کیا جائے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے پہلے مرحلے میں 300 ہائبرڈ بسیں خریدنے کی منظوری دے دی، مجموعی طور پر 513 ہائبرڈ بسیں چلائی جائیں گی جبکہ عوام کی سہولت کیلئے 200 نئے بس اسٹاپ بنائے جائیں گے، ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نئی ہائبرڈ بسیں پرائیویٹ آپریٹرز کے ذریعے چلائے گی۔

چوہدری پرویز الہٰی نے ڈیرہ گجراں میں پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے دفاتر تعمیر کرنے کی منظوری دی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں سرکاری سطح پر ٹرانسپورٹیشن سسٹم کا تجربہ فیل ہوا اور پائیدار ٹرانسپورٹیشن سسٹم تشکیل دینے سے غفلت برتی گئی۔

ارکان پنجاب اسمبلی افتخار گوندل، خدیجہ عمر، شمیم آفتاب، پرنسپل سیکریٹری وزیر اعلیٰ محمد خان بھٹی، سیکریٹری خزانہ، سیکریٹری ٹرانسپورٹ، پنجاب ماس ٹرانز اتھارٹی کے اعلیٰ حکام اور ممبرز نے اجلاس میں شرکت    کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔