حریم سلمان صدیقی

میگزین رپورٹ  منگل 3 جنوری 2023
فوٹو : فائل

فوٹو : فائل

گذشتہ دنوں جامعہ کراچی کے شعبہ ویژول اسٹڈیز کے چار سالہ بیچلرز ڈگری کے آخری سال کے طلبا کے تیار کردہ تخلیقی فن پارے، نمائش کے بعد اختتام پذیر ہوئے۔ انھی میں ایک طالبہ حریم سلمان نے جامعہ کراچی سے ٹیکسٹائل ڈیزائننگ کے تھیسز میں اول پوزیشن حاصل کی ہے۔

شعبہِ ٹیکسٹائل ڈیزائننگ کی طالبہ حریم سلمان صدیقی نے اس تھیسز میں سب سے زیادہ نمبر لے کر اول پوزیشن حاصل کی۔ اس شعبے کے ماہرین پر مشتمل بیرونی جیوری کے ارکان نے مجموعی طور  پر حریم کے تخلیق کردہ ڈیزائنر کو اس مقابلے میں بہترین قرار دیا۔

حریم نے اپنے ڈیزائنر ان لوگوں کی سہولت کے لیے بنائے جنہیں قدرت نے بصارت کی نعمت سے نہیں نوازا ہے۔ نابینا افراد کے ساتھ کی گئی تحقیق نے حریم کو ایسے خصوصی ڈیزائن کو بنانے میں بھرپور مدد کی جنھیں ہاتھ کے چھونے سے محسوس کیا جاسکتا ہے۔

چار سالہ بیچلرز ڈگری کے تھیسز کے آخری سال کی اس نمائش میں جامعہ کراچی کے ویژول اسٹڈیز کے مختلف  شعبوں کے طلبہ کی شان دار تخلیقی صلاحیتیں شامل تھیں، جن میں گرافک ڈیزائننگ، فلم اور ٹیلی ویژن، فائن آرٹس، اینیمیشن، اسلامک آرٹس اور گلاس، انڈسٹریل ڈیزائن آرکیٹیکچر اور ٹیکسٹائل ڈیزائننگ شامل تھے۔

ان طلبا نے اس نمائش میں اپنے اپنے اسٹالوں پر اپنے متعلقہ فن پاروں کی نمائش کی۔ آرٹ کے قدردانوں کی ایک کثیر تعداد نے تھیسز کی اس نمائش کو دیکھا اور شان دار عزم اور کمال کے ساتھ تخلیق کیے گئے بہترین تصورات کا قریب سے مشاہدہ کیا۔ انھوں نے غیر معمولی تخلیقی شاہ کار تیار کرنے پر ان نوجوانوں کو خوب سراہا۔

یہ غیر معمولی تخلیقی صلاحیتوں سے مالامال بچے جو آنے والے وقت میں اپنی متعلقہ صنعتوں کی باگ ڈور سنبھالیں گے، انھیں تمام حلقوں کی جانب سے تعریف اور حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔