سونے کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 21 جنوری 2023
(فوٹو : فائل)

(فوٹو : فائل)

  کراچی: عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت بڑھنے کے بعد ملکی سطح پر بھی سونے کے نرخ میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 2 ڈالر کے اضافے سے 1927 ڈالر کی سطح پر آنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی ہفتے کو فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 1200روپے اور 1029روپے کا اضافہ ہوا۔

حالیہ اضافے کے نتیجے میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت اضافے کے بعد ایک لاکھ 87 ہزار 200 جبکہ فی دس گرام سونے کی قیمت بڑھکر 160494 روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔

اس کے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 2080روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت بھی بغیر کسی تبدیلی کے 1783.26 روپے کی سطح پر مستحکم رہی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔