سویا بین کولیسٹرول کو 70 فی صد تک کم کرسکتا ہے تحقیق

سویا کے استعمال سے کولیسٹرول اور دیگر چکنائی کی سطحیں 70 فی صد تک کم ہوجاتی ہیں، تحقیق


ویب ڈیسک February 03, 2023

'خاموش قاتل' کے طور پر جانے جانی والی کیفیت بلند کولیسٹرول ہمارے لیے امراضِ قلب اور فالج کے خطرات کو بڑھا دیتی ہے۔ ان نقصانات سے بچاؤ کے پیشِ نظر جسم میں کولیسٹرول کو قابو میں رکھنے کے لیے اسٹیٹنس کا استعمال کیا جاتا ہے۔ البتہ، ایک نئی تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ اس معاملے میں سویا بین بھی کافی مؤثر ثابت ہوسکتا ہے۔

چاہے کافی میں سویا دودھ کا شامل کیا جانا ہو یا گوشت کے متبادل کے طور پر استعمال کیا جانا، سویا بینز نے پودوں پر مبنی غذا کے طور پر اپنی اہم جگہ بنائی ہے۔ متعدد وٹامنز اور منرلز سے بھرپور سویا میں فالج اور دیگر قلبی مسائل کے کم خطرات ہوتے ہیں۔

جرنل اینٹی آکسیڈنٹس میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق بی-کونگلائسِینِن پروٹین سے بھرپور سویا کے آٹے کا استعمال مضر کولیسٹرول کو کم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

تحقیق میں محققین کی ٹیم کو معلوم ہوا ہے کہ سویا کے استعمال سے کولیسٹرول اور دیگر چکنائی کی سطحیں 70 فی صد تک کم ہوجاتی ہیں۔

مزید یہ کہ سویا جگر پر جمع ہونے والی چکنائی جیسی دیگر میٹابولک بیماریوں اور ایتھروسکلیروسِس(جس میں خون کی شریانوں میں چکنائی جمع ہوجاتی ہے) کے خطرات بھی کم کرتا ہے۔

یونیورسٹی آف الینوائے اربانا کی پروفیسر اور تحقیق کی مصنفہ الویرا ڈی میجیا نے بتایا کہ سویا بین کے کولیسٹرول میٹابولزم پر اثرات کا تعلق صرف پروٹین کی مقدار سے نہیں بلکہ اس میں موجود پیپٹائڈز سے بھی ہے جو دورانِ ہاضمہ خارج ہوتے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ہضم شدہ سویا بینز کے پیپٹائڈز 50 سے 70 فی صد تک چکنائی کم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور یہ بہت اہم چیز ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں