بیرسٹر شہزاد عطا الہٰی اٹارنی جنرل آف پاکستان تعینات

ویب ڈیسک  جمعرات 2 فروری 2023

 اسلام آباد: بیرسٹر شہزاد عطا الہٰی کو اٹارنی جنرل آف پاکستان تعینات کردیا گیا ہے۔

صدر  مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی منظوری کے بعد وزارت قانون و انصاف نے نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے مطابق شہزاد الہی کا درجہ وفاقی وزیر کے برابر ہوگا۔

ایوان صدر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بیرسٹر شہزاد عطا الہیٰ کو منصور عثمان اعوان کے عہدہ نہ سنبھالنے کے باعث اٹارنی جنرل تعینات کیا گیا ہے، صدر مملکت نے اٹارنی جنرل کی منظوری آئین کے آرٹیکل 100 اور رولز آف بزنس کے تحت دی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں اٹارنی جنرل اشتر اوصاف نے خرابی صحت کے باعث مزید کام جاری رکھنے سے معذرت کرتے ہوئے استعفیٰ دے دیا تھا، جس کے بعد وفاقی حکومت نے منصور عثمان کو نیا اٹارنی جنرل مقرر کیا تھا مگر انہوں نے کئی روز گزرنے باوجود اپنا عہدہ نہیں سنبھالا۔

ایکسپریس ٹریبیون کے مطابق نئے اٹارنی جنرل شہزاد عطا الہیٰ نوجوان کارپوریٹ وکیل اور سابق صدر فضل الہٰی چوہدری کے پوتے ہیں۔

شہزاد عطا الہٰی کو کمرشل، ٹیکس، بینکنگ، سول، کارپوریٹ اور آئینی معاملات پر تجربہ حاصل ہے۔

نئے اٹارنی جنرل مشہور کمپنی کارنیلیئس، لین اور مفتی کیساتھ منسلک ہیں جس کا سپریم کورٹ کے موجودہ جسٹس اعجازالاحسن بھی حصہ رہ چکے ہیں۔

مذکورہ کمپنی کے اراکین میں سینئر قانون دان حامد خان اور سلمان اسلم بٹ بھی شامل ہیں اور سابق چیف جسٹس جواد ایس خواجہ بھی اس کا حصہ رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔