محکمہ موسمیات نے کراچی میں گرمی بڑھنے کی پیشگوئی کردی

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 2 مارچ 2023
(فائل : فوٹو) 

(فائل : فوٹو) 

  کراچی: محکمہ موسمیات نے جمعہ اور ہفتہ کو کراچی میں درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی پیشگوئی کردی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ اور ہفتہ کو شہر میں گرم دن ریکارڈ ہوسکتے ہیں اور زیادہ سے زیادہ پارہ 34 سے 36 ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہوسکتا ہے، صوبے کے دیگراضلاع میں موسم خشک اورگرم رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جمعرات کو شہر میں معمول سے تیزشمال مشرقی (بلوچستان) کی ہوائیں چلیں جبکہ سمندری ہوائیں مکمل طورپرغیرفعال رہیں، شہر کے کئی علاقوں میں گرد آلود ہوائیں بھی چلیں، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33.8 ڈگری ریکارڈ ہوا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہواوں کی زیادہ سے زیادہ رفتار 40 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی، شہر کا زیادہ سے زیادہ پارہ 33.8 ڈگری جبکہ کم سے کم 19 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، جمعہ کی شام سمندری ہوائیں بحال ہونے کی توقع ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔