اندرون سندھ لوگ کسمپرسی کی زندگی گزاررہے ہیں جبکہ لاڑکانہ، جیکب آباد اور رتوڈیرو میں نہ اسکول ٹھیک ہیں اور نہ اسپتال،الطاف حسین۔ فوٹو: فائل
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے دعویٰ کیا ہے کہ این ایف سی ایوارڈ پیپلزپارٹی نے نہیں بلکہ ایم کیو ایم نے کروایا۔
حیدرآباد میں اپنی کتاب " فلسفہ محبت " کے سندھی ترجمے کی تقریب رونمائی سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ بدقسمتی سے سندھی بولنے والوں کو کوئی رہنما ہی نہیں ملا، سندھی بھائیوں کو رونے سے حقوق نہیں ملیں گے، حقوق کے حصول کیلئے سندھی الطاف حسین کا ہاتھ تھام لیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی روایت شاعری اور محبت ہے اور اسی روایت کو زندہ رکھنے کیلئے ایم کیو ایم نے سندھی بولنے والوں کو بھی سیٹیں دیں جو کہ محبت کا ثبوت ہے، لڑائی جھگڑے ہرجگہ ہوتے ہیں لیکن آج انہیں ختم ہوجانا چاہیئے۔
ایم کیو ایم کے قائد نے کہا کہ اندرون سندھ لوگ کسمپرسی کی زندگی گزاررہے، جبکہ لاڑکانہ، جیکب آباد اور رتوڈیرو میں نہ اسکول ٹھیک ہیں اور نہ اسپتال، بنیادی حقوق کیلئے لوگوں کو عملی جدوجہد کرنا ہوگی تاہم بناوٹی باتوں سے حقوق نہیں ملا کرتے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ دھرتی بہت دکھی ہے اور ہم نے اس پر بہت ظلم کیا، وقت آگیا ہے کہ سندھی بولنے والے رونے کے بجائے حقوق کے حصول کیلئے جدوجہد کریں۔