تین ٹانگوں والے باہمت ہاتھی نے جینا سیکھ لیا، ویڈیو وائرل

ویب ڈیسک  پير 13 مارچ 2023
تصویر میں ووٹومی نامی ہتھنی نمایاں ہے جو تین ٹانگوں کےباوجود جینےکی بھرپور کوشش کررہی ہے۔ فوٹو: فائل

تصویر میں ووٹومی نامی ہتھنی نمایاں ہے جو تین ٹانگوں کےباوجود جینےکی بھرپور کوشش کررہی ہے۔ فوٹو: فائل

جنوبی افریقہ: جنوبی افریقہ میں ایک ٹانگ سے محروم ہتھنی نے نہ صرف اپنے بھاری بھرکم وجود کے ساتھ چلنا سیکھ لیا ہے بلکہ غول کے دیگرہاتھیوں کی مدد سے اس نے نارمل زندگی گزارنی شروع کردی ہے جس کی ویڈیو کو بہت پسند کیا جارہا ہے۔

31 سالہ ماہر ڈیلن پونس کی ذاتی تحفظ گاہ (گیم ریزرو)  میں یہ ہتھنی دکھائی دی ہے اور اسے ووٹومی کا نام دیا گیا ہے ۔ اس سے قبل جنگلی حیات پر نظررکھنےوالے کیمرہ نیٹ ورک میں بھی اسے دیکھا گیا تھا۔ ڈیلن اور ان کے ساتھیوں نے حیاتیاتی پناہ گاہ میں ایک چھوٹے ڈیم کے پاس اسے دیکھا اور وہ گرمی سے بچنے کے لیے پانی میں آرام کررہی تھی۔

ماہرین کے مطابق تین ٹانگوں کے باوجود اس بےزبان مخلوق نے ہتھیار نہیں ڈالے جس کی ایک ٹانگ کی جگہ گوشت کا چھوٹا ٹکڑا لٹکتا دکھائی دیتا ہے۔ تاہم اب تک ٹانگ ضائع ہونے کی وجہ سامنے نہیں آسکی ہے بعض ماہرین کا خیال ہے کہ بچپن میں کسی وقت درندے نے ان پر حملہ کیا ہوگا جس سے یہ دائمی نقصان ہوا ہے۔

حیرت انگیز طور پر اس کے ریوڑ کے دیگر ہاتھی بھی اس کا خاص خیال رکھتے ہیں اور اسے گھیرےمیں لیے رکھتے ہیں۔ ووٹومی اب بھی پروان چڑھ رہی ہے اور غیرمعمولی طور پر اپنی مدد آپ بھی کررہی ہے۔

جانوروں کے تحفظ کےماہرین نے عوام پر زوردیا ہے کہ اگرکوئی سڑک کنارے ووٹومی یا اس جیسے محروم جانورکو دیکھے تو وہ ان کا خاص خیال رکھیں کیونکہ اپنے جسمانی وزن کےباوجود یہ بقا کے لیے سرگرم ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔