جوبائیڈن کا روسی صدر کے عالمی عدالت کے وارنٹ گرفتاری کا خیرمقدم

ویب ڈیسک  ہفتہ 18 مارچ 2023
ماسکو روسی صدر پر جنگی جرائم میں ملوث ہونے کے الزامات کو مسترد کرچکا ہے، فوٹو: فائل

ماسکو روسی صدر پر جنگی جرائم میں ملوث ہونے کے الزامات کو مسترد کرچکا ہے، فوٹو: فائل

  واشنگٹن: عالمی عدالت انصاف کی جانب سے روسی صدر ولادیمیر پوتن کے وارنٹ گرفتاری کے اجرا  کا امریکی صدر جوبائیڈن نے خیرمقدم کیا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق جوبائیڈن نے صحافیوں سے گفتگو  کرتے ہوئے کہا کہ وارنٹ گرفتاری کے اجرا سے امریکی موقف کی تائید ہوتی ہے کہ روس نے یوکرین میں جنگی جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔

گذشتہ روز عالمی عدالت انصاف  کی طرف سے  روسی صدر کے وارنٹ گرفتاری کے اجرا سے متعلق کہا گیا تھا کہ اس امر کے اطمینان بخش شواہد موجود ہیں کہ ولادیمیر پوتن جنگی جرائم میں براہ راست ملوث ہیں۔

قبل ازیں جوبائیڈن انتظامیہ کی جانب سے روسی  صدرپر یوکرین میں جنگی جرائم میں ملوث ہونے  کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔ فروری میں امریکی نائب  صدر کملا ہیرس  نے بیان دیا تھا  کہ جو بھی جنگی جرائم میں ملوث ہوا اسے انصاف کٹہرے میں لایا جائے گا۔

مزید پڑھیں: عالمی عدالت نے ’جنگی جرائم‘ پر روسی صدرکے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے

رواں ہفتے اقوام متحدہ کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں بھی کہا گیا تھا  کہ ماسکو کے زیرقبضہ علاقوں سے یوکرینی بچوں کا جبری انخلا جنگی جرائم کے زمرے میں آتا ہے۔

تاہم روسی صدر کے خلاف اس سلسلے میں کسی بھی کارروائی کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے کیونکہ عالمی عدالت انصاف کسی ملک کی  حکومت کے تعاون کے بغیر اس ملک سے تعلق رکھنے والے ملزم کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کرسکتی۔

واضح رہے  کہ ماسکو صدر ولادیمیر پوتن کے جنگی جرائم میں ملوث ہونے کے الزامات کو مسترد کرچکا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔