حکومت کا غریب عوام کیلیے پیٹرول کی قیمت 100 روپے کم کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک  پير 20 مارچ 2023
(فوٹو فائل)

(فوٹو فائل)

 لاہور: وزیر مملکت پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ حکومت نے غریب عوام کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امیر اور غریب کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 100 روپے کا فرق ہوگا۔ غریب لوگوں کے لیے پیٹرول پر رعایت کے فیصلے پر 6 ہفتوں میں عمل کیا جائے گا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ گاڑیوں والے پیٹرول کی قیمت زیادہ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان جہاں روٹی چوری کرنے پر جیل اور دوسرا مجرم ایسا جس کے لیے عدالتیں بلاتی رہیں تو کہتے ہم پر قانون لاگو نہیں۔ بنی گالہ 400 کنال کی کوٹھی عمران خان کی ہے، جرأت کیسے ہوئی؟ پولیس کو کیوں بھیجا؟ باہر بیٹھے کارکن ملک و قانون کی ایسی تیسی کریں گے۔عمران خان کہتے ہیں جو آئین و قانون میں لکھا ہے تو کیا وہ مجھ پر لاگو ہوگا۔آئین ہوگا کہیں لیکن مجھ پر لاگو نہیں۔

انہوں نے سابق وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ شخص جس کے ہاتھ میں آئین دیا گیا تھا، جس کے ہاتھ میں ووٹ نہیں، مگر سلیکٹڈ زدہ دھاندلی کا کوئی کاغذ دیا گیا تھا کہ اس ملک کے غریب لوگوں کی حفاظت کرنا، وہ کہہ رہا ہے کہ ان سب کی ایسی کی تیسی۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ میں نے وزیراعظم صاحب سے درخواست کی کہ یہاں تو دو ملک ہیں، امیر کا الگ اور غریب کا الگ، جس پر انہوں نے کہا کہ غریب کے ملک کے ساتھ کھڑے ہو جاؤ۔ ہماری پارٹی کے لیڈر نواز شریف صاحب نے بھی یہی کہا اور وزیراعظم نے بھی کہا کہ اگر دو ملک ہیں تو غریب کے ملک کے ساتھ کھڑے ہو جاؤ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ٹیرف الگ کرکے غریب کا بل اور امیر کا بل علیحدہ کردیا۔ ہماری قیادت نے کہا کہ ایک غریب آدمی جو گیس استعمال کررہا ہے اس کا پاکستان علیحدہ کردو،  آج کے بعد وہ ایک چوتھائی بل ادا کریں گے۔ امرا کی بھی ہم عزت کرتے ہیں، لیکن وہ چار گنا زیادہ پیسے دیں گے، اور وہ پیسے جمع کرکے ہم ان غربا کو گیس دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا کم آمدن والوں کیلیے 50 روپے فی لیٹر تک پٹرولیم ریلیف پیکج دینے کا فیصلہ

وزیرمملکت نے بتایا کہ وزیراعظم اور نواز شریف نے کہا کہ آپ غریب اور امیر کا پیٹرول بھی علیحدہ کریں۔ گیس کی طرح دونوں کا پیٹرول کا خرچہ بھی علیحدہ کردیا۔ وزیراعظم کے حکم کے مطابق ایک اسکیم پیش کی گئی، جس میں انہیں بتایا گیا کہ مستقبل میں غریب کا پیٹرول کا خرچ کم کردیا جائے گا ۔  حکومت غریب کے پیٹرول کی قیمت کم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ بڑی گاڑیوں والے پیٹرول کی زیادہ قیمت دیں گے، جس سے غریب کے پیٹرول کی قیمت کم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جن گھرانوں میں پرتعیش اشیا استعمال کی جا رہی ہیں، یہ ان کا حق ہے کہ استعمال کریں، محنت سے بنائی ہیں لیکن  وہ اب گیس اور پیٹرول کی زیادہ قیمت ادا کریں گے۔

وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں غریب عوام کے لیے 100 روپے کم کرنے کے فیصلے پر 6 ہفتوں  میں اس پر عملدرآمد ہو جائے گا  جب کہ گیس کے ٹیرف الگ کرنے پر یکم جنوری سے نفاذ ہو چکا ہے۔  گزشتہ روز میڈیا پر خبریں تھیں کہ 50 روپے کم کیے جائیں گے تاہم وزیراعظم نے کہا کہ اسے 100 روپے تک کم کریں، جس کے بعد یہ فیصلہ کرلیا گیا ہے کہ غریب، امیر کے مقابلے میں پیٹرول کی قیمت کا 100 روپے کم دے گا۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ صاحب ثروت ہیں، لگژری اشیا استعمال کرتے ہیں، مہنگی گاڑیاں استعمال کرتے ہیں، وہ اصل قیمت ادا کریں گے۔ یہ کسی کے باپ کا ملک نہیں ہے، اس ملک میں 22 کروڑ لوگ ہیں جس میں سے  21 کروڑ لوگ غریب ہیں، جو عزت سے روٹی کماتے ہیں مگر مشکل سے کماتے ہیں۔ وہ لوگ جنہیں اللہ نے دیا ہے، اُن سے ہم لیں گے اور وہ لوگ جو اللہ کی زمین پر اپنے بچوں کو عزت سے پالنے کی کوشش کررہے ہیں، اور اپنے ماں باپ کی خدمت میں کوشاں ہیں، انہیں ان کی زندگی میں سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

وزیر مملکت نے کہا کہ امیر اور غریب کے ٹیرف میں فرق کی پالیسی ابھی صرف دو چیزوں (گیس اور پیٹرول) پر ہے، تاہم یہ پالیسی اب ہرچیز میں نظر آئے گی۔انہوں نے کہا کہ چند ہفتوں کے بعد ایک تیسرا پروگرام لے کر آئیں گے۔ جب تک ہماری حکومت ہے، ہماری پالیسیاں ایسی ہی چلتی رہیں گی کہ امیر کو ٹیکس کریں گے اور غریب کی زندگی میں سہولت پیدا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ رمضان پیکیج سامنے آیا ہے، ماہ رمضان میں آٹے پر بدتہذیبی کا نوٹس لے لیا گیا ہے۔گیس کا سرکلر ڈیٹ 1700 ارب روپے ختم کر دیا گیا۔ ایل این جی پر کام کررہے ہیں۔ گیس کے ٹیرف میں یہ ہو نہیں سکتا کہ کم قیمتوں کااعلان کردیں تو پھر واپس لے لیں۔ سستا پیٹرول کے لیے گاڑیوں موٹرسائیکل اور شناختی کارڈ کے ڈیٹا پر پیغام آجائے گا ۔ موٹرسائیکل 2 یا 3 لیٹر سے زیادہ پیٹرول نہیں دیں گے۔ غریب کی 21 لیٹر پیٹرول کی ضرورت ہے۔ 2 سے 3 لیٹر ہی وہ لے سکے گا۔ گاڑی والے کو 30 لیٹر تک سبسڈی دیں گے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ کبھی نہیں کہا کہ مارچ میں روس سے تیل آئے گا، کہا تھا کہ اپریل میں آرڈر دیں گے۔ روس سے تیل کی خریداری کے لیے بات چیت کررہے ہیں۔ ایران سے تیل پر کوئی اعتراض نہیں۔ کوئی بھی ایسا طریقہ تیل کی قیمت سستی ہو، لیکن پابندیاں نہ لگیں۔ اپنے فیصلے خود کریں گے، دوسرا ملک نہیں کرے گا۔تیل کے لیے بین الاقوامی پابندیاں نہیں لگنی چاہییں۔

انہوں نے کہا کہ دو پاکستان ہیں، ایک طاقت ور کا، اور ایک کمزور کا، دو پاکستان ہیں، ایک امیر کا، ایک غریب کا۔ وزیر مملکت نے عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ کیا آپ نے وہ مبینہ آڈیو سنی ہے، جو مبینہ طور پر سابق چیف جسٹس صاحب کی آڈیو ہے۔ جس میں وہ اسی زبان سے، جو ہاتھ تک آتی ہے، تمام فیصلے لکھتے تھے۔ وہ تمام فیصلے کہ فونٹ ڈاؤن لوڈ کیا آٹھ سال، رات کو باپ کے سامنے 2 بجے اس کی جوان بیٹی کو ہتھکڑی لگا کر گھسیٹ، اس کو پتا لگے کہ  میں چیف جسٹس ہوں، مبینہ طور پر ان ہی کی ایک آڈیو باہر آئی ہے، جس میں نامناسب زبان استعمال ہوئی ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ ایک شخص جو اپنے آپ کو چیف جسٹس کہتا ہو۔میاں صاحب! کوئی خود حیا نہیں کرتے تو جس کرسی پر بیٹھے تھے اسی کی حیا کرلو، کوئی زبان ہی کو لگام دو اگر ہاتھ کو نہیں دے سکے۔ کیا زبان بولی ہے۔ اور وہ ایک بھگت سنگھ کے دوسرے ماننے والے ایک اور بھی ہیں، وہ خاندانی طور پر بھگت سنگھ کے زمانے سے سازشوں کا جال بنتے چلے آ رہے ہیں، وہ کیا کہہ رہے ہیں کہ ٹھوک دیں گے۔ آپ مجھے بتائیں جب دو لوگ ٹیلی فون پر مبینہ طور پر بیٹھ کر ایک دوسرے کو کہہ رہے ہوں کہ اس عورت کو ٹھوک دو۔ انہوں نے کہا کہ کوئی ہے اس ملک میں جسے نہیں پتا کہ مبینہ طور پر سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کس عورت کی بات کررہے ہیں؟اور بات کیا کررہے ہیں کہ ٹھوک دو اسے۔

انہوں نے کہا کہ قتل کی سازش کس کو کہتے ہیں ایک شخص دوسرے کو کہہ رہا ٹھوک دو۔ کیا ملک ہے کیا گفتگو ہے، ایک کہتا کہ عدالت نہ وارنٹ نہ پولیس لگتی دوسرا کہتا عورت کو ٹھوک دو ۔ انہوں نے کہا کہ میں وزیر داخلہ سے کہوں گا کہ آڈیو کی تحقیقات ہونی چاہیے۔ اگر ٹیپ ٹھیک ہے، اگر مبینہ طورپر دوسرے نے کہا ٹھوک دو تو اس کی انویسٹی گیشن ہونی چاہیے اگر قتل کی پلاننگ ہے تو مقدمہ درج ہونا چاہیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔