ملک کے مختلف علاقوں میں شدید زلزلے میں 4 جاں بحق، سوات سب سے زیادہ متاثر

ویب ڈیسک  منگل 21 مارچ 2023

 اسلام آباد: پاکستان کے تین صوبوں سمیت جنوبی ایشیا کے مختلف ممالک میں 6.8 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ جس کے نتیجے میں اب تک دو بچیوں سمیت چار جاں بحق ہوئے۔ مالا کنڈ ڈویژن میں متعدد مکانات منہدم ہوگئے جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت متعدد زخمی جبکہ 70 سے زائد بے ہوش ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں 9 بج کر 47 اور 48 منٹ کے درمیان میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ عالمی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق شدت 6.8 شدت ریکارڈ کی گئی جبکہ مرکز افغانستان کوہ ہندو کش اور گہرائی 180 کلومیٹر تھی۔  زلزلے کی شدت سے لوگ خوف کے عالم میں گھروں سے نکل آئے جبکہ پشاور کی مساجد میں اذانیں بھی دی گئیں۔ زلزلے کے وقت راولپنڈی کے بازاروں میں بھی بھگدڑ مچی۔

اسلام آباد / مری، ملکہ کوہسار، کامرہ، آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی زلزلے کے بعد شہری خوف کے عالم میں کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔

پنجاب

لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، کوٹ مومن، مڈھ رانجھا، چکوال، ہٹیاں بالا، کوٹ ادو، شجاع آباد، کلور کوٹ، کالا شاہ کاکو، واں بچھراں، ڈسکہ، اوچ شریف، دریا خان ، ڈی جی خان، کوٹ ادو، لودھراں اور دیگر شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔

earth-quake

فیصل آباد، منڈی بہاوالدین، شجاع آباد، کندیاں، سرائے مغل، اوکاڑہ، میانوالی، اٹھارہ ہزاری، چنیوٹ، ڈجکوٹ، سمندری، کمالیہ، گوجرہ، ماموں کانجن، بچیانہ اور دیگر شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔

خیبرپختونخوا

پشاور، کوہاٹ، صوابی، کرک، پارا چنار، ڈی آئی خان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، سوات، گلگت بلتستان سمیت دیگر علاقوں میں بھی شہریوں نے زمین کی لرزش کو محسوس کیا۔

اسلام آباد میں زلزلے کے جھٹکے رات 9 بج کر 47 منٹ پر محسوس کیے گئے، جو دس سے پندرہ سیکنڈ کے تھے۔

اسلام آباد کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ

اسلام اباد میں زلزلے کے شدید جھٹکوں کے پیش نظر اسلام اباد کے پولی کلینک اور پمز اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کی ہدایت پر اسلام اباد کے وفاقی اسپتالوں میں الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ وزیر صحت نے ہدایت کی کہ عملہ اور اسپتال کی انتظامیہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات کو یقینی بنائیں۔

زلزلے سے ہونے والے نقصانات

ریسکیو 1122 کے مطابق ادارے اور رضاکاروں کو الرٹ کردیا گیا ہے۔  خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی کے علاقے شیخ جانہ میں مکان کی چھت گرنے سے ایک خاندان کے 5 افراد زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔ 

علاوہ ازیں کالام میں زلزلے کے دوران لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس کے بعد کالام سے بحرین جانے والا روڈ بند ہوگیا۔ علاوہ ازیں خیبر کے علاقے درس جمات باڑہ میں کمرہ منہدم ہونے سے خاتون زخمی ہوگئیں۔

زلزلے سے دو بچیوں کا انتقال، 7 زخمی ہوئے، پولیس رپورٹ 

خیبرپختونخوا پولیس کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق مدین میں دیوار گرنے سے بچی جاں بحق جبکہ ایبٹ آباد کے تھانہ کینٹ میں خوف کی وجہ سے ایک بچی انتقال کرگئی۔ شموزئی میں گھر کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔

مردان کے تھانہ صدر کے علاقے بکری بانڈہ میں دیوار گرنے سے ایاز نامی شہری زخمی ہوا جبکہ صوابی کے علاقے کالو خان میں صحن کی دیوار گرنے سے میاں بیوی اور دو بچے معمولی زخمی ہوئے اسی طرح تھانہ شموزئی کی حدود میں ڈیرے کی چھت گرنے سے دو افراد زخمی ہوئے۔

ڈیرہ اسماعیل خان کے تھانہ پہاڑ پور کی دیوار گری جس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

سوات میں ایمرجنسی نافذ

زلزلہ کے بعد ضلع بھر میں ایمر جنسی نافذ کردی گئی ہے جبکہ چھٹی پر جانے والے ڈاکٹرز کو بھی فوری طور پر اسپتال پہنچنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ آخری اطلاع کے مطابق زلزلے سے جاں بحق افراد کی تعداد 2 ہوگئی جبکہ 12 افراد زخمی اور 70 سے زائد افراد بے ہوش ہیں۔مقامی انتظامیہ کے مطابق سیدو شریف اسپتال میں 70 سے زائد بے ہوش اور زخمیوں کو لایا گیا۔

زلزلے کے نقصانات کے پیش نظر سیدو شریف اسپتال میں ایمر جنسی نافذ کر کے چھٹی پر گئے ڈاکٹروں کو واپس بلا لیا گیا ہے جبکہ ریسکیو 1122 کے اہلکار سوات کے مختلف علاقوں سے زخمیوں کو لا رہے ہیں۔

زلزلے کے دوران ہارٹ اٹیک سے شہری کا انتقال

اسلام آباد کے سیکٹر جی 7 کی رہائشی عمارت میں مقیم شہری زلزلے کے دوران سیڑھیوں سے نیچے اتر رہے تھے کہ اسی دوران انہیں ہارٹ اٹیک ہوا اور وہ انتقال کر گئے۔ ترجمان وزارت صحت کے مطابق مذکورہ شخص کو طبی امداد کیلئے پولی کلینک ہسپتال میں لایا گیا مگر ہارٹ کی وجہ سے جاں بحق ہو گیا۔

بلوچستان 

بلوچستان کے علاقے مانجھی پور ،ڈیرہ اللہ یار اور جعفر آباد میں زلزلہ کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔

پی ڈی ایم اے نے زلزلے کے پیش نظر انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے تمام اسپتالوں میں پیش گی اقدامات کی ہدایت کردی ہے۔

بھارت

دوسری جانب بھارتی میڈیا نے بھی بتایا ہے کہ نئی دہلی، الہ آباد سمیت مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ پاکستان کے علاوہ ترکمانستان، ہندوستان، قازقستان، تاجکستان، ازبکستان، چین، افغانستان اور کرغزستان میں محسوس کیے گئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔