مردان میں آٹے کی مفت تقسیم کے دوران بھگدڑ مچنے سے کئی شہری زخمی

شہریوں کی جانب سے پولیس اور اسپورٹس کمپلیکس گیٹ پر پتھراؤ کیا گیا


ویب ڈیسک March 26, 2023
—فائل فوٹو

مردان اسپورٹس کمپلیکس میں آٹے کی مفت تقسیم کے دوران بھگدڑ مچنے اور کچلنے کے باعث کئی شہری زخمی ہوگئے ساتھ ہی ٹانک میں خواتین نے آٹے کی من پسند افراد میں تقسیم کے خلاف سڑک پر دھرنا دے دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مردان میں آٹے کی تقسیم کے دوران بدنظمی کا واقعہ پیش آیا ہے۔ شہریوں نے مردان نوشہرہ روڈ کو بند کردیا جبکہ پولیس اور اسپورٹس کمپلیکس گیٹ پر پتھراؤ کیا۔

عوام کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے لاٹھی چارج اور ہوائی فائرنگ کی۔ لاٹھی چارج اور فائرنگ سے بھگدڑ مچ گئی جس کے باعث کئی شہری زخمی ہوگئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی مختلف شہروں میں آٹے کی مفت تقسیم کے دوران بھگدڑ مچنے سے 5 سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

دریں اثنا آٹے کی مفت تقسیم پر تحفظات ظاہر کرتے ہوئے رنوال کے مقام پر خواتین نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ خواتین نے رنوال کے مقام پر ڈیرہ اسماعیل خان روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کردیا جس کے سبب دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

خواتین نے الزام عائد کیا کہ رنوال میں من پسند اور سفارشیوں کو آٹا دیا جارہا ہے جب تک آٹا نہیں ملتا احتجاج جاری رہے گا جب کہ آٹا ڈیلر نوید اللہ نے بتایا کہ آٹا کم آرہا ہے اور غرباء کی تعداد زیادہ ہے۔

بعد ازاں مذاکرات کے بعد احتجاج ختم کردیا گیا اور رنوال کے مقام پر خواتین مظاہرین کے لیے آٹا کی دو گاڑیاں پہنچادیں گئیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں