کیریبیئن کشتی رنز کے طوفان میں ڈوب گئی

دوسرے ٹی 20 میں جنوبی افریقہ نے ریکارڈ 259 رنز کا ہدف حاصل کرلیا


Sports Desk March 27, 2023
جانسن چارلس کی سنچری رائیگاں، ڈی کک نے 44 گیندوں پر 100 رنز بنائے۔ فوٹو: سوشل میڈیا

کیریبیئن کشتی رنز کے طوفان میں ڈوب گئی جب کہ پروٹیز نے ٹی 20 انٹرنیشنل میں ریکارڈ ہدف 259 رنز حاصل کرکے سیریز میں واپسی کرلی۔

جنوبی افریقہ نے سیریز کے دوسرے ٹی 20 میں ویسٹ انڈیز کو 6 وکٹ سے مات دے دی، ویسٹ انڈیز نے پہلے کھیل کر 5 وکٹ پر 258 رنز اسکور بورڈ پر جوڑے، جانس چارلس نے 10 چوکوں اور 11 چھکوں کی مدد سے 46 بالز پر 118 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، کائل مائرز نے 51 رنز بنانے کے لیے 27 گیندیں مستعار لیں۔

رومیریو شیپرڈ نے 41 جبکہ کپتان روومن پاول نے 28 رنز بناکر پویلین کی راہ لی، مارکو جینسن نے 52 رنز دیکر 3 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا، وین پارنیل نے 2 وکٹوں کے لیے 43 رنز دیے۔

پروٹیز نے ہدف 18.5 اوورز میں 4 وکٹ پر 259 رنز بناکر کامیابی سمیٹ لی، کوئنٹن ڈی کاک نے 44 گیندوں پر 100 رنز اسکور کیے، ان کی اننگز میں 9 چوکے اور 8 سکسر شامل رہے، ریزا ہینڈرکس نے 11 باؤنڈریز اور 2 سکسرز کی مدد سے 28 بالز پر 68 رنز نام درج کرائے، دونوں کے درمیان 152 کی اوپننگ شراکت داری قائم ہوئی۔

رائلی روسو نے 4 گیندوں پر 16 رنز بنائے، اس میں ایک چوکا اور 2 چھکے شامل رہے، ایڈین میرکرم 38 اور ہینرچ کلیسن نے 7 گیندوں پر 16 رنز ناٹ آؤٹ بناکر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا، جیسن ہولڈر نے 48 رنز دیکر ایک وکٹ نام کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں