عدلیہ وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کے بیان کا نوٹس لے، اسد عمر

ویب ڈیسک  پير 27 مارچ 2023
(فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

 اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر کا کہنا ہے کہ عدالت کو وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کے بیان کا نوٹس لینا چاہیے اور رانا ثناءاللہ کے وجود کو ختم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ کے خلاف سارے مقدمات نیب کے تھے اور نیب کا سب کو معلوم ہے، ہمارے دور حکومت میں کسی پر مقدمات نہیں بنائے گئے۔

اسد عمر نے کہا کہ مقدمات کی تعداد دیکھ لیں تو پتا لگ جاتا ہے جھوٹے مقدمات ہیں اور یہ جان بوجھ کر کیا جا رہا ہے، مجموعی طور تمام کیسسز کے حوالے سے ہماری پٹیشن تیار ہوگئی ہے، صرف اسلام آباد کے 500 کارکنان کو گرفتار کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں؛ اب عمران یا ہم میں سے کوئی ایک بچے گا، وزیر داخلہ

وزیر داخلہ کے بیان پر سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ یہ ریاست پر قبضہ کرنے والے ہیں، رانا ثناءاللہ اجرتی قاتل ملک میں قتل و غارت چاہتا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز نجی ٹی وی کو انٹرویو میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کھلی وارننگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ اب عمران خان یا ہم میں سے کوئی ایک بچے گا۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ عمران خان نے سیاست کو وہاں لاکر کھڑا کردیا ہے کہ اب دونوں میں سے ایک کا وجود ہی باقی رہنا ہے، اس لیے جب ہم سمجھیں گے کہ ہمارے وجود کی نفی ہورہی ہے تو ہم تو ہم ہر اس حد تک جائیں گے، جس میں یہ نہیں سوچا جاتا کہ یہ کام کریں یہ نہ کریں یہ جمہوری ہے، اور یہ غیرجمہوری ہے، یہ اصولی ہے اور یہ غیر اصولی، یہ چیزیں ختم ہوجاتی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔