سیامی کھیر فلم ’’مرزا صاحباں‘‘ میں’’صاحباں‘‘ کا کردار کرینگی

فلم میں ’’مرزا‘‘ کا کردار انیل کپور کے بیٹے ہریشوردھن کررہے ہیں، صاحباں کی تلاش بہت مشکل تھی، ہدایتکار اوم پرکاش مہرا


Showbiz Desk April 22, 2014
2 برس سے بالی ووڈ کی کسی اچھی فلم کا انتظار تھا، مرزا صاحباں میں کام کے لیے خاندانی پس منظر کا سہارا نہیں لیا، سیامی کھیر فوٹو: فائل

ہدایتکار و فلمساز اوم پرکاش مہرا کو انتھک محنت اور سخت انتظار کے بعد تاریخی رومانوی داستان پر بنائی جانیوالی اپنی فلم ''مرزاصاحباں'' میں صاحباں کے کردار کے لیے ہیروئن مل ہی گئی ہے۔

اطلاعات کے مطابق اوم پرکاش مہرا کی اس فلم میں صاحباں کا کردار نامور اداکاراؤں تانوی اعظمی اور شبانہ اعظمی کی بھتیجی اور ماضی کی نامور اداکارہ اوشا کرن کی پوتی سیامی کھیر کریں گی ۔ اوم پرکاش مہرا کے مطابق سیامی کو اس کے فلمی خاندان کے پس منظر کے باعث نہیں بلکی اس کی اداکاری کی صلاحیتوں کے بل پر فلم میں مرکزی کردار کے لیے منتخب کیا گیاہے۔ ہدایتکار کا کہنا ہے کہ سیامی میں یہ صلاحیت ہے کہ وہ اس تاریخی رومانی کہانی پر بنائی جانیوالی فلم مرزا صاحباں میں صاحباں کا کردار بخوبی ادا کرسکتی ہے۔

ہریشوردھن (Harshvardhan) کی طرح اس کا بھی اس بات سے کوئی تعلق نہیں کہ سیامی کہاں سے آئی ہے ۔ اس نے خود کو اس قابل ثابت کیا ہے کہ فلم میں اپنا کردار بہترین طریقے سے ادا کرسکتی ہے۔ راکیش اوم پرکاش مہرا کا مزید کہنا تھا کہ ہم کئی ماہ سے ''صاحباں'' کو تلاش کررہے تھی اور اس کے لیے آخر کار تین لڑکیوں کو منتخب کرلیا اور یہ تینوں لڑکیاں ہی اپنی جگہ بہترین تھیں اس کے بعد ہم نے انھیں سخت تربیتی مشقوں کے عمل سے گزارا جس میں انھوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا مگر ہمیں سیامی کھیر کی کارکردگی باقی دونوں لڑکیوں سے بڑھ کر لگی جس پر اسے فلم میں صاحباں کے مرکزی کردار کے لیے منتخب کرلیا گیا۔

واضح رہے کہ اوم پرکاش مہرا کی اس فلم میں انیل کپور کے بیٹے ہریشوردھن (Harshvardhan) مرزا کا کردار اداکررہے ہیں جب کہ میوزک شنکر مہادیون، احسان نورانی اور لوئے مینڈوزا ترتیب دے رہیں فلم کی عکس بندی جلد شروع کی جائے گی اور اسے رواں برس ہی سینما گھروں کی زینت بنایا جائے گا۔ دوسری طرف سیامی کھیر کا کہنا ہے کہ دوبرس سے بالی ووڈ میں کسی اچھی فلم کا انتظار کررہی تھی جو آخر کار ختم ہوگیا اور میں ہدایتکار اوم پرکاش مہرا کی فلم میں صاحباں کے کردار کے لیے خود کو منتخب کیے جانے پر بہت خوش ہوں۔

فلم کے لیے بے شمار لڑکیوں نے آڈیشن دیے جن میں سے تین کو منتخب کیا گیا اور ان میں سے مجھے چنا جانا میرے لیے بالی ووڈ میں بہت بڑی کامیابی ہے کیونکہ میں سمجھتی ہوں کہ میری ساتھی اداکارائیں بھی کسی طور پر کم نہیں تھیں۔ سیامی کھیرکا کہنا تھا کہ فلمی خاندان سے تعلق ہونے کے باوجود میں نے اس فلم میں کام کرنے کے لیے کسی کا سہارا نہیں لیا اور صرف اپنی صلاحیتوں کے بل پر فلم میں کام کے لیے منتخب ہوئی ہوں امید ہے جب فلم سینما گھروں کی زینت بنائی جائے گی تو شائقین کو میری پرفارمنس ضرور پسند آئے گی۔

مقبول خبریں