آئی ایس پی آر اعلامیہ ہمارے خلاف نفرت و انتقام کے بیانیے کا مجموعہ ہے پی ٹی آئی

سب سے بڑی جماعت اور اس کی قیادت کو کچلنے کی کوششوں نے عوام میں تلخی کو جنم دیا، تحریک انصاف


ویب ڈیسک May 11, 2023
سب سے بڑی جماعت اور اسکی قیادت کو کچلنے کی کوششوں نے عوام میں تلخی کو جنم دیا، آئی پی ٹی آئی

‏آئی ایس پی آر کے اعلامیے پر پاکستان تحریک انصاف کا ردِعمل سامنے آگیا۔

تحریک انصاف کے مطابق آئی ایس پی آر کا اعلامیہ حقائق سے متصادم اور زمینی صورتحال کے ناقص ادراک پر مبنی ہے، یہ اعلامیہ ملک کی بڑی سیاسی جماعت کے خلاف نفرت و انتقام پر مبنی بیانیے کا افسوس ناک مجموعہ ہے۔

پی ٹی آئی نے کہا کہ تحریک انصاف ایک جمہوری جماعت ہے، جو پرامن، غیرمتشدد اور آئین و قانون پر کاربند رہتےہوئے مقاصد کے حصول پر یقین رکھتی ہے، اپنے قیام سے لے کر آج تک تحریک انصاف، اس کے چیئرمین عمران خان نے آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کو ہدف بنایا ہے۔

مزید پڑھیں: جو کام 75 سال میں دشمن نے نہیں کیا وہ اقتدار کی ہوس میں مبتلا ایک سیاسی گروہ نے کر دکھایا، آئی ایس پی آر

تحریک انصاف نے کہا کہ عوامِ کے سیاسی، معاشی اور سماجی حقوق کا تحفظ ہی ہمارا مقصدِ نگاہ ہے، تحریک انصاف نے ہمیشہ آئین و قانون سے انحراف کی حوصلہ شکنی کی ہے، تحریک انصاف نے مارشل لاء کے ذریعے دستور کو کُلّی یا جزوی طور پر معطل کرنے کی مزاحمت کی ہے، ہم دھاندلی و انتخابات میں مداخلت کے ذریعے عوام کے حقِ حاکمیت پر ڈاکے کے بھی شدید مخالف رہے ہیں۔

تحریک انصاف نے کہا کہ پرامن اور صبر آزما سیاسی جدوجہد کا ثمر ہے کہ تحریک انصاف لاکھوں اراکین، کروڑوں ووٹرز کے ساتھ ملک کا سب سے بڑا سیاسی ادارہ ہے، چیئرمین تحریک انصاف کے سیاسی نظریے اور فلسفے کو عوام میں غیرمعمولی تائید و نصرت میسر آئی، تحریک انصاف نے ایک نشست سے لیکر مرکز، پنجاب، پختونخوا، آزاد جموں وکشمیر اور گلگت بلتستان میں حکومت سازی کا سفر ارتقاء سے مکمل کیا، آج تحریک انصاف الحمدللہ بلاشرکتِ غیرے پاکستان کی واحد معتبر سیاسی جماعت ہے۔

تحریک انصاف نے کہا کہ 9 مئی کو چیئرمین تحریک انصاف کے ہائیکورٹ سےنیم فوجی دستوں کے ذریعے اغواء کے بعد کا عوامی ردعمل بہت سے عوامل سے جڑا ہے، چیئرمین عمران خان گزشتہ تیرہ ماہ سے مسلسل ان عوامل کی نشاندہی کرتے آئے ہیں، ان تیرہ مہینوں کے دوران آئین سے بدترین انحراف اور شہریوں کے بنیادی آئینی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں نے عوام میں تلخی کو جنم دیا۔

پی ٹی آئی کے مطابق ریاستی اداروں کے مابین طاقت کے توازن میں شدید بگاڑ، ماورائے قانون اقدامات اور معیشت کی تباہی نے بھی تلخی پیدا کی، ملک کی سب سے بڑی جماعت اور اسکی قیادت کو کچلنے کی ناروا کوششوں نے بھی عوام میں اس تلخی کو جنم دیا جسے ریاست نظرانداز کرتی آئی-
پی ٹی آئی نے کہا کہ اس تلخی کے منفی اثرات سے قوم و ریاست کو بچانے کیلئے تحریک انصاف اور اسکے چیئرمین نے ڈھال کا کردار ادا کیا، چیئرمین عمران خان نے ریاست کو صاف شفاف انتخابات کے ذریعے سیاسی و انتظامی بحران کے حل کا نسخہ پیش کیا، عمران خان نے قوم کو پرامن رہنے اور دستور و قانون کے دائرے میں رہ کر ووٹ کی پرچی کے ذریعے ردعمل کے اظہار کی جمہوری راہ دکھلائی، بدقسمتی سے طاقت و اختیار کے سامنے دلیل کو سرنگوں کرنے کی ضد غالب آگئی.

تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ہائیکورٹ میں ایک غیرقانونی، بلاجواز اور اشتعال انگیز کارروائی نے وہ حالات پیدا کئے جن پر ہر محب وطن رنجیدہ ہے، حالات کے بہتر ادراک اور آئین سے رہنمائی کی بجائے حکمت پر نفرت و تعصب کو ترجیح دینے سے نقصانات میں شدت کا اندیشہ ہے.

تحریک انصاف نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف افراد کو اداروں پر فوقیت کی کسی طور قائل نہیں، تحریک انصاف افراد اور اداروں کو یکساں طور پر قانون کی تابعداری کا پابند سمجھتی ہے، چنانچہ لازم ہے کہ دستور سے انحراف پر اصرار کی بجائے آئین کی حدود میں سمٹا جائے، مختلف حیلہ سازیوں سے عوام کو حقِ حاکمیت سے محروم کرنے کی روش ترک کرکے آئین کو فیصلہ کن حیثیت دی جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں