اے محبت ترے انجام پہ رونا آیا !

تنویر قیصر شاہد  جمعـء 26 مئ 2023
tanveer.qaisar@express.com.pk

[email protected]

پاکستان تحریکِ انصاف المعروف ’’پی ٹی آئی‘‘ یوں تیزی کے ساتھ تحلیل ہو رہی ہے جیسے بتاشہ پانی میں گھل جاتا ہے۔

اب تک پی ٹی آئی کے 26 کی تعداد میں سابق وفاقی و صوبائی وزرا، سابق ارکانِ اسمبلی اور معروف الیکٹ ایبل سیاسی شخصیات پی ٹی آئی اور عمران خان سے اپنا ہر قسم کا تعلق و ناتا منقطع کر چکی ہیں۔

ممکن ہے اِن سطور کی اشاعت تک پی ٹی آئی کے دائرئہ محبت و اثر سے نکلنے والوں کی تعداد 26سے بھی متجاوز ہو چکی ہو۔ اِس قطعِ تعلق کی بنیادی ذمے داری براہِ راست عمران خان پر ڈالی جا رہی ہے۔

پی ٹی آئی اور عمران خان کے سیکڑوں، ہزاروں عشاق نے 9مئی کو ملک، قوم اور اسٹیبلشمنٹ کے خلاف نفرت کی آگ نہ دہکائی ہوتی اور ریاستی تحکم و استحکام کی نشان قابلِ فخر عمارات کی بے تحاشہ توہین نہ کی ہوتی تو شائد پی ٹی آئی آج آزمائش کی بھٹّی سے بھی نہ گزر رہی ہوتی۔

پی ٹی آئی کارکنان نے مبینہ طور پر اپنے قائد کی مبینہ شہ پر یہ آتشیں اور دلفگار اقدامات کرنے کی مجرمانہ جسارت کیوں کی، اِس کا تجزیہ کرتے ہُوئے 23مئی 2023کو جاوید چوہدری صاحب نے اپنے چشم کشا کالم میں بجا طور پر لکھا ہے :’’ریاست نے جب (عمران خان کے دَور میں) ٹی ایل پی کی یلغار معاف کر دی، ریاست جب 6پولیس اہلکاروں کی لاشیں دفنا کر بھُول گئی تو پھر پی ٹی آئی یہ جسارت کیوں نہ کرتی؟ یہ (مزید) آگے کیوں نہ بڑھتی ؟‘‘

پی ٹی آئی کو ہمیشہ کے لیے خیر باد کہنے اور پی ٹی آئی سے نکلنے والا ہر ذمے دار شخص اپنی اپنی پریس کانفرنس میں کبھی واضح الفاظ میں اور کوئی بین السطور الزام عائد کررہا ہے کہ پچھلے ایک سال کے دوران عمران خان نے اپنے پیروکاروں اور عشاق کی جو تربیت و پرداخت کی، اس کا فطری نتیجہ یہی نکلنا تھا جو9مئی کو نکلا۔ اس مہلک و شرمناک نتیجے کی باز گشت ساری دُنیا میں سنائی دی گئی ہے۔

بھارت خاص طور پر ہمارا مذاق اور ٹھٹھہ اُڑا رہا ہے۔ دشمن کو تو ایسے مواقعے ملنے چاہئیں۔ پی ٹی آئی کے کا رکنان اور لیڈروں نے، اپنے مطلق قائد کے اندھے عشق میں،یہ مواقع دانستہ پیدا کیے ۔ اب اِس کی سزا بھی بھگت رہے ہیں۔ کوئی فرار ہو رہا ہے اور کوئی کانوں کو ہاتھ لگاتے ہُوئے توبہ کرتا دکھائی دے رہا ہے۔

پی ٹی آئی سے تائب ہونا اور عمران خان کی محبت کا جُوا گلے سے اُتارنے کے مناظر قابلِ دید و قابلِ عبرت ہے۔ اگر پی ٹی آئی کے پُر جوش کارکنوں نے اپنے ملک سے محبت کو اپنے قائد کی محبت پر ترجیح دی ہوتی تو آج 2درجن سے زائد پی ٹی آئی کے معروف وابستگان پی ٹی آئی سے دُوری اختیار کرنے پر مجبور نہ ہوتے۔

اب مگر تیر کمان سے نکل چکا ہے۔ آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہُوئے ریاست نے اگر اب بھی9مئی کے ذمے داروں کو انجام تک نہ پہنچایا تو ہمیں کسی اگلی بڑی قیامت کا سامنا کرنے کے لیے ابھی سے تیار ہو جانا چاہیے ۔

ہمیں قطعی توقع نہیں تھی کہ پی ٹی آئی کے کئی سینئر اور جیالے وابستگان گرم ہوا کے پہلے جھونکے ہی پر یوں تیزی سے مرجھا جائیں گے۔ پنجاب، کے پی کے اور سندھ میں پی ٹی آئی کے جلد مرجھا جانے والے اِن گُل بُوٹوں کی تعداد نسبتاً زیادہ ہے۔

ہمیں تو زیادہ حیرت راولپنڈی اور اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے 2مرکزی رہنماؤں(جناب فیاض الحسن چوہان اور محترمہ ڈاکٹر شیریں مزاری) پر ہے جنھوں نے بھری پریس کانفرنس میں عمران خان اور پی ٹی آئی سے قطع تعلقی کا اعلان کیا ہے۔ دونوں نے عمران خان کے دَور میں وزارتوں کے مزے لیے۔ فیاض الحسن چوہان صاحب نے صوبائی وزارت سے اور مزاری صاحبہ نے وفاقی وزارت سے۔ فیاض الحسن چوہان وزارت کے ایام میں اپنے سیاسی حریفوں کے بارے میں جو ’’بیباک‘‘ زبان استعمال کرتے رہے، اب پی ٹی آئی سے قطع تعلقی کرتے ہُوئے اِس کا ذمہ اور بوجھ بھی عمران خان پر ڈال رہے ہیں۔

اِس پر افسوس ہے۔ البتہ 67سالہ ڈاکٹر شیریں مزاری صاحبہ نے، جس طرح بجھے دل اور بجھی آنکھوں کے ساتھ، پی آٹی آئی ، سیاست اور عمران خان کو خیرباد کہا ہے، یہ منظر خاصا دلگیر تھا۔ مزاری صاحبہ پی آٹی آئی اور عمران خان صاحب کی سیاسی زندگی کے اوّلین ایام کی معتمد و متحرک ساتھی تھیں۔

دو بار پی ٹی آئی کے پلیٹ فارم سے رکن قومی اسمبلی بھی بنائی گئیں۔ گزشتہ چند ایام کے دوران باربار کی گرفتاریوں نے اُن کے اعصاب شل کر دیے۔

بے حسی کی بات یہ ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے شیریں مزاری کی گرفتاریوں پر کوئی احتجاج اور ٹویٹ کرنے کا تکلّف بھی نہ کیا؛ چنانچہ اِس پس منظر میں شیریں مزاری کی وکیل صاحبزادی، ایمان مزاری صاحبہ، نے بجا طور پر ردِ عمل دیتے ہُوئے کہا: عمران خان کو بس اپنی اور اپنی بیوی کی پڑی ہُوئی ہے ۔‘‘یہ احتجاج بے بنیاد نہیں تھا۔ پی ٹی آئی کے کئی زیر حراست لیڈروں بارے عمران خان کے تغافل نے سب کو حیرت میں مبتلا کررکھا ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے اِس ’’تغافل‘‘ پر سخت احتجاج کیا ہے ۔

لندن اسکول آف اکنامکس (لندن)، کولمبیا یونیورسٹی( نیویارک) کی اعلیٰ تعلیم یافتہ اور قائد اعظم یونیورسٹی(اسلام آباد) کی سابقہ استاد پروفیسر ڈاکٹر شیریں مزاری کا پی ٹی آئی اور عمران خان کے حلقہ اثر سے قطعی نکل جانا مقامِ عبرت ہے۔

مقامِ افسوس بھی۔ کس قدر اخلاص کے ساتھ اور جی جان سے شیریں مزاری صاحبہ نے پی ٹی آئی کے فلسفہ سیاست اور عمران خان کی شخصیت سے پیار کیا تھا۔ محبت و اُلفت کا مگر یہ انجام ؟ ایسے میں ہمیں شکیل بدایونی کی معروفِ عالم غزل، جسے مغنیہ اختری بیگم نے خوب گایا ہے، شدت سے یاد آ ئی ہے : ’’اے محبت ترے انجام پہ رونا آیا، جانے کیوں آج ترے نام پہ رونا آیا۔‘‘اِس دلگیر و عبرتناک موقع پر البتہ ہم محترمہ شیریں مزاری کی وکیل صاحبزادی، محترمہ ایمان مزاری حاضر، کی تحسین کرنا چاہتے ہیں۔

ایمان مزاری نے اپنی والدہ سے محبت کا حق ادا کیا ہے۔ اسلام آباد میں ایمان مزاری صاحبہ جس جرأت و بہادری کے ساتھ بے نوامسنگ پرسنز کے مقدمات لڑ رہی ہیں،بنیادی انسانی حقوق کی پامالی پر سراپا احتجاج بنتی ہیں، اُن کے اِس شاندار اور قابلِ فخر کردار نے ہمیں اُن کا گرویدہ بنا رکھا ہے۔اپنی والدہ محترمہ کی گرفتاری پر ایمان مزاری پورے قد، اخلاص اور مکمل استقامت کے ساتھ کھڑی رہی ہیں۔

اِس کردار نے ہمیں اُن کا مزید گرویدہ بنا دیا ہے ۔ اُن کے وکیلانہ اور جرأتمندانہ کردار کے پیشِ نظر ہم کہہ سکتے ہیں کہ ایمان مزاری مستقبل کی ہماری ’’ عاصمہ جہانگیر‘‘ ہیں۔ ہم یہ بھی اُمید رکھتے ہیں کہ شیریں مزاری صاحبہ سیاست ، عمران خان اور پی ٹی آئی سے لاتعلق ہو کر صحافت اور میڈیا کی دُنیا میں، نئے انداز کے ساتھ، اہم کردار ادا کریں گی کہ وہ ماضی قریب میں باقاعدہ صحافی بھی رہی ہیں اور ایک بڑے انگریزی اخبار اور جریدے کی مدیرہ بھی ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔