شوگر کی سطح پرخوراک کے علاوہ اثرانداز ہونے والے دیگر عوامل

ویب ڈیسک  منگل 6 جون 2023
[فائل-فوٹو]

[فائل-فوٹو]

ذیابیطس ایک دائمی مرض ہے جس میں مریض کو خون میں شوگر کی صحت مند سطح کو برقرار رکھنے کے لیے کئی حفاظتی اقدامات پر عمل کرنا پڑتا ہے جس میں خوراک کا چناؤ سرفہرست ہے لیکن خوراک کے علاوہ بھی کئی دیگر عوامل ہوتے ہیں جو شوگر کی سطح کو متاثر کرتے ہیں۔

1) نیند

نیند کا معمول آپ کے خون میں شوگر کی سطح سمیت کئی جسمانی عملوں کو متاثر کرتا ہے۔ تحقیق کے مطابق نیند کی کمی ذیابیطس کے شکار افراد میں گلوکوز کنٹرول اور انسولین کی حساسیت کو متاثر کر سکتی ہے۔ نیند کی کمی دیگر عوامل کو بھی متحرک کر سکتی ہے جیسے ذہنی تناؤ جو آپ کے بلڈ شوگر کی سطح کو مزید خراب کرتا ہے۔

2) تناؤ

ذہنی تناؤ آپ کی سوچ سے بھی زیادہ نقصان دہ ہے۔ ذہنی تناؤ آپ کو صحت کی کئی سنگین حالتوں سے دوچار کرسکتا ہے۔ اگر اس پر قابو نہیں پایا جائے تو شوگر کی سطح بگڑ سکتی ہے اور جان لیوا ثابت ہوسکتی ہے۔

3) جسمانی سرگرمی

جب آپ جسمانی طور پر غیر فعال ہوتے ہیں تو آپ کے خون میں شوگر کی سطح بڑھ جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ باقاعدگی سے ورزش ذیابیطس کے انتظام کا ایک لازمی عنصر ہے۔

4) پانی کی کمی

کم پانی پینا آپ کے بلڈ شوگر کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔ جب آپ کم پانی پیتے ہیں تو آپ کے خون میں شوگر زیادہ مرتکز (concentrated) ہوجاتی ہے جسے hyperglycemia کہا جاتا ہے۔

5) مخصوص ادویات

کئی ادویات صحت سے متعلق متعدد مسائل کے علاج کیلئے جانی جاتی ہیں لیکن بعض اوقات یہ آپ کے بلڈ شوگر کی سطح پر منفی اثر ڈال سکتی ہیں۔ لہذا، ذیابیطس کے شکار افراد کو کوئی بھی دوا لینے سے پہلے پیشہ ور طبی ماہرین سے مشورہ کرنا چاہئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔