بحیرہ عرب سے اٹھنے والا طوفان بیپارجوئے کراچی سے 1160 کلومیٹر کے فاصلے پر رہ گیا

ویب ڈیسک  جمعرات 8 جون 2023
—فائل فوٹو

—فائل فوٹو

کراچی: بحیرہ عرب سے اٹھنے والا طوفان بیپار جوئے کراچی سے 1160 کلومیٹر کے فاصلے پر رہ گیا۔ 

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران طوفان سست روی سے شمال اور شمال مغرب کی جانب رواں دواں رہا، طوفان کے مرکز اور اردگرد انتہائی تیز160 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

سائیکلون وارننگ سینٹرکے مطابق سازگار موسمی حالات اور سطح سمندر کے 32 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت کے سبب طوفان مزید شدت اختیار کرسکتا ہے فی الوقت پاکستان کے ساحلی علاقوں کو کوئی بھی خطرہ درپیش نہیں ہے۔

سمندری طوفان بیپارجوئے؛ ماہی گیر کھلے سمندرمیں جانے سے گریز کریں، این ڈی ایم اے

سمندری طوفان بیپارجوئے کے ممکنہ اثرات کا خدشہ،نیشنل ڈیزاسٹرمینیجنٹ اتھارٹی نے ماہی گیروں کوکھلے سمندرمیں جانے سے گریز کی ہدایات جاری کردیں۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق سندھ وبلوچستان کے ساحل علاقوں کے قرب وجوار میں رہائش پذیرافراد کو محتاظ رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہیں جبکہ ماہی گیرمقررہ مدت کے دوران کھلے سمندر میں مچھلی کے شکار پرجانے سے گریز کریں۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق گذشتہ 24گھنٹوں کےدوران بحیرہ عرب کے جنوب مشرق میں موجود سمندری طوفان میں اضافہ دیکھا گیا، محکمہ موسمیات کے سائیکلون وارننگ سینٹر کراچی کی جانب سے صورتحال کی مسلسل نگرانی جاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت پاکستان کے کسی ساحلی علاقہ کسی بھی خطرے کی زد میں نہیں ہے،مذکورہ صورتحال کے تناظر میں طوفان کے پیش نظر نیشنل ڈیزاسٹرمینیجمنٹ اتھارٹی نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کردی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔