امریکا کی سعودی عرب کو توانائی کے جوہری منصوبے کیلیے مدد کی پیشکش

ویب ڈیسک  جمعـء 9 جون 2023
امریکی وزیر خارجہ تین روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچے تھے؛ فوٹو: ٹوئٹر

امریکی وزیر خارجہ تین روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچے تھے؛ فوٹو: ٹوئٹر

ریاض: وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے سویلین ایٹمی پروگرام کے لیے امریکا سمیت کئی ممالک نے ٹیکنالوجی کی فراہمی اور معاونت کی پیشکش کی ہے جس پر ابھی غور کر رہے ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن غیر معمولی دورے پر سعودی عرب پہنچے تھے جہاں اپنے سعودی ہم منصب سے ملاقات کے بعد ایک خصوصی پریس کانفرنس کی۔

صحافیوں سے گفتگو میں سعودی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سویلین جوہری پروگرام تیار کر رہے اور یہ کوئی راز کی بات نہیں۔ غیر جنگی جوہری پاور سے توانائی کے شعبے میں کام کرنا چاہتے ہیں۔

شہزادہ فیصل بن فرحان نے مزید بتایا کہ سعودی عرب کے اس جوہری پروگرام میں تکینیکل معاونت فراہم کرنے کے لیے بولی لگانے والوں ممالک میں امریکا کو ترجیح دیں گے۔ ہم دنیا کی بہترین ٹیکنالوجی سے مستفید ہونا چاہتے ہیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں : امریکی وزیر خارجہ 3 روزہ اہم سرکاری دورے پر سعودیہ پہنچ گئے 

سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے یہ بھی کہا کہ اس جوہری پروگرام کے لیے ایک خاص معاہدے کی ضرورت ہوگی۔ امریکا سے بعض امور پر شدید اختلافات ہیں لیکن مل کر کام کرنے کا کوئی نہ کوئی طریقہ کار ضرور تلاش کرلیں گے۔

سعودی عرب نے  یورینیم افزودگی اور پھر اس سے حاصل ہونے والی ایندھن کو فروخت کرنے کے لیے چین، روس یا فرانس کے آپشن بھی رکھے ہیں تاہم آج کی پریس کانفرنس سے لگتا ہے کہ امریکا نے یہ معاہدہ حاصل کرلیا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔