جعلی کرنسی چلانے کے الزام میں اعلیٰ پولیس افسر معطل

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 10 جون 2023
ملزم کے ساتھی نے 49 لاکھ سے زائد کے جعلی  نوٹ بینک میں چلانے کی کوشش کی:فوٹو:فائل

ملزم کے ساتھی نے 49 لاکھ سے زائد کے جعلی نوٹ بینک میں چلانے کی کوشش کی:فوٹو:فائل

 لاہور: جعلی کرنسی نوٹ چلانے کے کیس میں ملوث ایس پی لاہور بلال قیوم کو معطل کردیا گیا۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے پولیس سروس آف پاکستان گریڈ 18 کے افسر اور سی پی او لاہور آفس میں تقرری کے منتظر ایس پی بلال قیوم  کو ابتدائی طور پر 120 دن کے لئے معطل کرنے اور محکمانہ کارروائی شروع کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔

ذرائع کے مطابق عامر اقبال نامی شخص 3 جون 2023 کو مسلم کمرشل بینک  ایمپوریل مال میں 49 لاکھ 95 ہزار روپے کے جعلی نوٹ جمع کراتے پکڑاگیا۔ ایف آئی اے کی تفتیش پرعامر اقبال نے انکشاف کیا کہ یہ رقم اسے سی پی او آفس لاہور میں تقرری کے منتظر ایس پی بلال قیوم نے دی تھی جس کی تصدیق سی سی ٹی وی فوٹیج سے ہوئی۔ فوٹیج میں بلال قیوم کی گاڑی کو جاتے دیکھا گیا۔

متعلقہ عدالت کے حکم پر ایف آئی اے نے بلال قیوم کو حراست میں لیا تاہم  بلال قیوم نے لاہور ہائی کورٹ کے بہاولپور بینچ کی طرف سے ضمانت قبل از گرفتاری کا حکم پیش کیا جس پرایف آئی اے نے بلال قیوم کو رہا کردیا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔