سمندری ہوائوں کی بندش نے کراچی کو دہکا دیا ہیٹ ویو جیسی صورتحال

درجہ حرارت 37.7 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، نمی کا تناسب بڑھنے سے 8 ڈگری زائد گرمی محسوس کی گئی


Staff Reporter July 03, 2023
(فوٹو : فائل)

سمندری ہوائوں کی بندش کے سبب شہر دہک گیا، گرمی کا پارہ بلند ہونے کے سبب ہیٹ ویو جیسی صورتحال رہی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کو سمندر کی جنوب مغربی سمت کی ہواوں کی بندش اوربلوچستان کی مغربی ہواوں کے شہر پراثرات کے نتیجے میں گرم ترین دن ریکارڈ ہوا، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37.7 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب بڑھنے کے سبب اصل درجہ حرارت سے 8 ڈگری زائد گرمی محسوس کی گئی۔

محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق آئندہ 3 روز کے دوران موجودہ گرمی کی لہر برقراررہ سکتی ہے جس کے دوران موسم گرم ومرطوب ریکارڈ ہوسکتا ہے تاہم رات اور صبح کے وقت بوندا باندی کا امکان ہے، اگلے چند روز کے دوران سمندری ہوائیں بدستور مختصر وقت کے لیے غیرفعال رہ سکتی ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب صبح کے وقت 70 سے 80 فیصد جبکہ شام کے وقت 55 سے 65 فیصد رہنے کی توقع ہے۔

ارلی وارننگ سینٹرکے مطابق گرمی کی جزوی لہر کے دوران زیادہ سے زیادہ پارہ 35 سے 37 ڈگری کےدرمیان ریکارڈ ہوسکتا ہے، پیرکو دیہی سندھ کے مختلف اضلاع بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے، سب سے زیادہ پارہ جیکب آباد میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، روہڑی اوردادو میں 43.5، لاڑکانہ 43، خیرپور42.8، موہنجودڑو اور سکھر میں 42.5، سکرنڈ 41.5 جبکہ حیدرآباد، مٹھی اورٹنڈوجام میں درجہ حرارت 40 ڈگری سے تجاوزکرگیا۔

محکمہ موسمیات نے 7 اور8 مئی (جمعہ اورہفتہ) شہر میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، محکمہ موسمیات کے جاری اعلامیے کے مطابق مون سون کی پہلی باقاعدہ بارش کا سلسلہ شہر کے چند مقامات پرتیزاورموسلادھار بارشوں کا بھی سبب بن سکتا ہے جبکہ بارش کے دوران تندوتیزہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔

مون سون بارشوں کے نتیجے میں موجودہ گرمی کی شدت میں کمی کا امکان ہے،محکمہ موسمیات نے رواں برس دیہی سندھ بشمول کراچی مون سون کے دوران کم بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے تاہم معتدل شدت کے 4سے 5اسپیلز شہر میں بارشوں کا سبب بن سکتے ہیں،مون سون بارشوں دورانیہ یکم جولائی سے 30ستمبر تک برقراررہتا ہے۔

مقبول خبریں