نواب جونا گڑھ محمد جہانگیر خانجی انتقال کرگئے
نواب جونا گڑھ چند روز سے اسپتال میں زیر علاج تھے، گورنر سندھ کا تعزیت کا اظہار
نواب جونا گڑھ محمد جہانگیر خان جی کراچی میں انتقال کرگئے، وہ کچھ دنوں سے علیل تھے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق نواب جونا گڑھ اور جونا گڑھ ہاوس کے ترجمان معین خان نے اعلامیے میں بتایا ہے کہ محسن پاکستان ہزہائی نس نواب سرمہابت خان جی کے پوتے اور سابق گورنر سندھ کرنل نواب دلاورخان جی کے بیٹے والی ریاست جونا گڑھ ہزہائی نس نواب محمد جہانگیرخان جی کا مختصرعلالت کے بعد انتقال ہوگیا۔
ترجمان کے مطابق وہ مقامی اسپتال میں گزشتہ چند روز سے زیرعلاج تھے، ان کے لواحقین میں ان کی والدہ مسرت جہاں بیگم آف جونا گڑھ، بیٹا نواب زادہ علی مرتضیٰ خان جی، بیٹی شہزادی مریم خان جی، بھائی نواب عالم گیرخان جی، ظہیرخان جی اور بہن نواب زادی عالیہ خان جی شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق مرحوم کی نماز جنازہ بعد نماز جمعہ جونا گڑھ ہاؤس میں ادا کی جائے گی، ان کی تدفین آبائی قبرستان مواچھ گوٹھ میں ہوگی۔
ان کے انتقال پر گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے تعزیت کا اظہار کیا ہے ساتھ ہی مرحوم کی مغفرت، درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔
گورنر نے کہا کہ نواب محمد جہانگیر خان جی ملنسار اور محبت کرنے والے شفیق انسان تھے، ان کے انتقال سے آج ہم ایک اچھے دوست سے محروم ہوگئے، دکھ کی اس گھڑی میں غم زدہ خاندان کے ساتھ ہوں۔