ٹائی میچ پرفیصلے کیلیے سپراوورکے قانون کا اطلاق ہوگا

اسکوربرابرہونے کی صورت میںدونوں اننگزمیں زیادہ چھکے لگانے والی ٹیم فاتح رہے گی


Sports Desk September 18, 2012
اسکوربرابرہونے کی صورت میںدونوں اننگزمیں زیادہ چھکے لگانے والی ٹیم فاتح رہے گی. فوٹو:فائل

KARACHI: ٹوئنٹی 20 ورلڈکپ میں میچ ٹائی ہونے کی صورت میں فیصلے کیلیے سپر اوور کے قانون کا اطلاق ہو گا۔

قبل ازیں ''بال آئوٹ'' طریقہ کار کا استعمال کیا جاتا تھا، جس میں بولر کو بیٹسمین کے بغیر وکٹوں کو نشانہ بنانا ہوتا تھا، 2007 میں اسی طریقہ کار کے تحت بھارت نے پاکستان کو شکست دی تھی۔ سپر اوور میں امپائر ایک اینڈ کا انتخاب کرے گا جہاں سے دونوں ٹیموں کو بولنگ کرنا ہو گی۔

میچ میں بعد میں بیٹنگ کرنے والی سائیڈ اس میں پہلے کھیلتی ہے، ہر ٹیم کی جانب سے تین بیٹسمینوں اور ایک بولر کو نامزد کیا جائے گا،زیادہ رنز بنانے والی سائیڈ فاتح قرار پائے گی، کوئی ٹیم اگر 2 وکٹیں گنوا دے تو اس کے سپر اوور کا اختتام ہو جاتا ہے، اگر سپر اوور میں بھی دونوں ٹیموں کے اسکور برابر ہو جائیں تو میچ اور سپر اوور دونوں اننگز میں زیادہ چھکے لگانے والی ٹیم فاتح ہوگی۔

اس میں بھی برابری کی صورت میں چوکوں کی بنیاد پر فیصلہ کیا جاتا ہے۔ سپر اوور کا پہلی بار26 دسمبر 2008میں استعمال ہوا جب ویسٹ انڈیز نے نیوزی لینڈ کو شکست دی تھی، فاتح ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 25 رنز بنائے اور حریف کو 2 وکٹ پر 15 رنز تک محدود رکھا، آخری بار گذشتہ دنوں پاکستان نے آسٹریلیا کو یو اے ای میں اسی طریقہ کار کے تحت قابو کیا تھا۔

مقبول خبریں