جنوبی افریقا ویمن ٹیم نے پاکستان کیخلاف ون ڈے سیریز جیت لی
دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست
جنوبی افریقا ویمن کرکٹ ٹیم نے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز 0-2 سے اپنے نام کرلی۔
نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ڈے اینڈ نائٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے 169 رنز کا ہدف4 وکٹیں گنوا کر34اوورز میں حاصل کر لیا۔ ٹیزمین برٹس نے اپنی ٹیم کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا، انہوں نے 45 رنز کی اننگز میں7 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔
لورا گوڈال نے 5 چوکوں کی مدد سے 35 رنز جوڑے، کپتان لورا نے 13 رنز بنائے، پہلے میچ میں سینچری اسکور کرنے والی سن لوس 10 رنز کی مہمان رہیں۔ میری زین کیپ 29 اور ناڈین ڈی کلرک 24 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہیں،سعدیہ اقبال نے 2 جبکہ ندا ڈار اور ام ہانی نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں پاکستان ویمنز ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 44.2 اوورز میں 168 رنز پر ڈھیر ہو گئی، فاطمہ ثنا نے ٹیم میں اپنی شمولیت درست ثابت کرتے ہوئے پاکستان کو مکمل تباہی سے بچاتے ہوئے 10 چوکوں کی مدد سے 69 رنز کی عمدہ اننگ کھیلی۔
آل راؤنڈر عالیہ ریاض نے ایک مرتبہ پھر عمدہ بیٹنگ کی اور 53 رنز بنائے جن میں 3 چوکے بھی شامل تھے، سدررا امین 12 رنز بنانے میں کامیاب رہیں، 8 کھلاڑی دہائی کا ہندسہ عبور نہ کر سکیں۔
سدررا نواز 7، کپتان ندا ڈار 5، بسمہ معروف اور منیبہ علی 4،4، ام ہانی اور نشرہ سندھو 1،1 رنز بنا پائیں جبکہ صدف شمس اور سعدیہ اقبال صفر کی خفت کا شکار ہوئیں۔ میری زین کیپ نے 3، ناڈین ڈی کلرک نے اور ملابہ نے 2،2 کھلاڑیوں کو چلتا کیا۔ میریزین کیپ پلیئر آف دی میچ رہیں۔