اکشے کمار ایک بار پھر پاکستان مخالف فلم میں نظر آئیں گے
فلم کے مختصر اعلانیہ ٹریلر میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ فلم میں ایسی سچائی بیان کی جائے گی جو اس سے قبل سامنے نہیں آئی
بالی وڈ سپر اسٹار اکشے کمار نے پاکستان مخالف فلم 'اسکائے فورس' میں کام کرنے کا اعلان کرکے مداحوں کو حیران کردیا۔
حب الوطنی پر مشتمل فلم میں سابق بھارتی وزیر اعظم لال بہادر شاستری کے دور میں پاکستان کے خلاف ایک مہلک فضائی حملے کو دکھایا جائے گا۔
فلم کے مختصر اعلانیہ ٹریلر میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ فلم میں ایسی سچائی بیان کی جائے گی جو اس سے قبل سامنے نہیں آئی جبکہ فلم میں پاکستانی صدر ایوب خان کے آڈیو کلپ بھی چلائے جائیں گے۔
اداکار نے اپنے مداحوں سے درخواست کی کہ وہ فلم کی کہانی کو پسند کریں اور اسے لوگوں تک پہنچائیں جبکہ فلم اگلے برس 2 اکتوبر کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔
مداحوں کو اکشے کمار کی نئی فلم کا انتظار ہے لیکن انہیں خدشہ ہے کہ یہ فلم بھی یکطرفہ کہانی پر مشتمل ہوگی جیسا فلم 'بیل بوٹم' میں اداکار پر شدید تنقید ہوچکی ہے۔