دہشت گردوں کو جیل سے نکال کر دوبارہ آباد کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے بلاول

پارلیمان اور عوام سے پوچھے بغیر دہشت گردوں سے متعلق فیصلے کیے گئے، سرفراز بگٹی کے ساتھ پریس کانفرنس


ویب ڈیسک December 11, 2023
(فوٹو : ویڈیو اسکرین گریب)

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سنگین مقدمات میں ملوث دہشت گردوں کو جیل سے نکال کر افغانستان بھیجا گیا اور انہیں پھر دوبارہ یہاں آباد کیا گیا جس کے باعث ملک کے حالات خراب ہوئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری وزارت داخلہ پہنچ گئے جہاں نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے ان کا استقبال کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے وزارت داخلہ میں شہدا گیلری کا دورہ کیا اور اپنی والدہ و سابق وزیراعظم شہید بینظیر بھٹو سمیت دیگر شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔

بعدازاں نگراں وزیر داخلہ سرفراز بگٹی اور بلاول بھٹو زرداری نے وزارت داخلہ میں شہدا کیلئے منعقدہ تقریب میں شرکت کی اور پریس کانفرنس بھی کی۔ تقریب میں وزیر داخلہ نے ملک بھر سے شہدا کی فیملیز کو خصوصی طور پر مدعو کیا، شہدا کی قربانیوں کے اعتراف میں شہدا وال بنائی گئی۔



تقریب کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سرفراز بگٹی صاحب کا شہدا گیلری کا اچھا اقدام ہے، پاکستان کے شہید دہشت گردی کا شکار رہے ہیں، شہیدوں نے دہشت گردی کا مقابلہ کیا، پاکستان سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا گیا۔

بلاول نے کہا کہ پارلیمان اور پاکستان کے عوام سے پوچھے بغیر ایک فیصلے کے تحت جن دہشت گردوں کو آپ کی فوج، پولیس اور عوام نے قربانی دے کر ہروایا تھا ان کے ساتھ بات چیت کی گئی، جو سنگین دہشت گردی کے واقعات میں ملوث تھے انہیں پاکستان اور افغانستان کی جیلوں سے نکالا گیا عمران خان نے انہیں دوبارہ دعوت دے کر قبائلی علاقوں میں آباد کیا۔

انہوں ںے مزید کہا کہ پاکستان کے عوام کی اجازت کے بغیر یوٹرن لیا گیا جو اس فیصلے میں ملوث تھے ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔

نگراں وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ بے نظیر شہید کے قاتل کو معاف کرنے کا اختیار بلاول بھٹو کے پاس ہے ریاست کے پاس نہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں