غیر ملکی ایجنڈے کو فروغ دینے والوں کو عوام نے مسترد کردیا جان اچکزئی

عوام نے بلوچستان كے شہدا كے لواحقين سے بھرپور يكجہتی كا اظہار كيا ہے، نگراں وزیر اطلاعات


ویب ڈیسک January 15, 2024
فوٹو فائل

بلوچستان كے نگران صوبائی وزير اطلاعات جان اچكزئی نے كہا ہے كہ غير ملکی ايجنڈے كو فروغ دينے والوں كو عوام نے مسترد کر کے بلوچستان كے شہدا كے لواحقين سے بھرپور يكجہتی كا اظہار كيا ہے۔

ان خيالات كا اظہار انہوں نے پير كے روز سول سيكرٹريٹ ميں ایک پريس كانفرنس سے خطاب كرتے ہوئے كيا۔

انہوں نے كہا كہ نگران حكومت نے 17 سال بعد سبی برنائی ريلوے لائن کو بحال كرديا ہے، جس کی بحالی سے معاشی سرگرميوں كو مزيد فروغ ملے گا۔

نگراں وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاكستان نے سرحدوں پر ملک سے آنے اور جانے والوں كيلئے واضح پاليسی جاري كي ہے جس كے تحت چمن، چاغی اور ديگر سرحدوں پر قانونی دستاويزات پورے ركھنے والے افراد كيلئے كھلے ہيں جبكہ طورخم باڈر پر بھی قانونی تقاضے پورے كردئيے گئے ہیں۔

انہوں نے كہا كہ كوئٹہ شہر كو محفوظ بنانے كيلئے سيف سٹی پروجیکٹ تکمیل تک پہنچ گیا ہے، جس کے تحت 14 شہر بھر میں 1400 كيمرے نصب كئے گئے ہيں، جو عوام كيلئے ناصرف ایک بڑا تحفہ ہے بلكہ اس سے امن و امان پر بھی مثبت فرق پڑے گا۔

انہوں نے مزيد كہا كہ چمن پيكج كے تحت 20 ہزار نوجوانوں كيلئے 6 ارب روپے مختص كئے ہيں، جس كے تحت 1700 نوجوانوں كو 20 ہزار ماہانہ دئيے جارہے ہيں۔

مقبول خبریں