این ای ڈی یونیورسٹی ٹرانسپورٹ نظام پر تحقیق اور مانیٹرنگ کیلیے ٹریکر سسٹم قائم

یونیورسٹی کی3 گاڑیوں میں ٹریکر نصب کردیے گئے ہیں


Safdar Rizvi September 20, 2012
یونیورسٹی کے تحت قائم کیے گئے ٹریکرسسٹم میں 100کے قریب گاڑیوں کوٹریکرسسٹم سے منسلک کرنے اوران کا ٹرانسپورٹیشن ڈیٹا محفوظ کرنے کی صلاحیت موجود ہے. فوٹو فائل

این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈٹیکنالوجی نے شہرکے ٹرانسپورٹ نظام پر تحقیق اور یونیورسٹی ٹرانسپورٹ کی مانیٹرنگ کے لیے اپنا ٹریکر نظام قائم کرلیا ہے۔

یہ ٹریکرنظام این ای ڈی یونیورسٹی کے شعبہ اربن اینڈ انفرااسٹرکچرانجینئرنگ کے تحت قائم کیا گیا ہے جسے شعبے کی جانب سے فعال کردیاگیاہے شعبہ اربن اینڈ انفرااسٹرکچرانجینئرنگ کی جانب سے قائم کیے گئے ٹریکرسسٹم کے تحت ابتدائی طورپریونیورسٹی کی 3 گاڑیوں میں ٹریکر لگاکر ان کی مانیٹرنگ شروع کردی گئی ہے۔

جس میں این ای ڈی یونیورسٹی کی مختلف علاقوں کوجانیوالی 2 شٹل بسیں اور ٹرانسپورٹ ریسرچ میں استعمال ہونے والی ایک ''انسٹرومینٹل گاڑی'' شامل ہے جبکہ یونیورسٹی کے تحت قائم کیے گئے ٹریکرسسٹم میں 100کے قریب گاڑیوں کوٹریکرسسٹم سے منسلک کرنے اوران کا ٹرانسپورٹیشن ڈیٹا محفوظ کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔

این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبہ اربن اینڈ انفرااسٹرکچر انجینئرنگ کے چیئرمین پروفیسرڈاکٹرمیرشبرعلی نے ''ایکسپریس''کوبتایاکہ متعلقہ شعبے میں قائم کیے گئے اس نظام میں گاڑیوں کی مانیٹرنگ کی جاتی ہے اورفی الحال شعبہ شہرکے ٹریفک کے حوالے سے جاری ریسرچ کے لیے استعمال ہونے والی اور انسٹرومینٹل ویکل کی مانیٹرنگ بھی کررہاہے۔

اس وین کے ذریعے شہرکے مختلف علاقوں میں گاڑیوں کی ''اسپیڈ پروفائل'' حاصل کی جارہی ہے جواس گاڑی میں لگائے گئے ٹریکر سسٹم سے ممکن ہوئی ہے اوراس بات کااندازہ لگایا جا رہاہے کہ شہرکے کسی بھی راستے پرچلنے والی گاڑی مختلف شاہراہوں اورانٹرسیکشنز پرکتنی دیر تک اورکتنی باررکتی ہے اور اس گاڑی میں استعمال ہونے والے ایندھن کاخرچ''فیول کنزمپشن'' کتنا ہے پروفیسر ڈاکٹر میر شبرعلی نے مزید بتایا کہ شعبہ اربن اینڈ انفرااسٹرکچر انجینئرنگ کے تحت قائم کیے گئے۔

اس ٹریکر نظام میں گاڑیوں میں لگائے گئے ٹریکرکی مددسے ان کی رفتار کو قابوکرنے کے لیے رفتارکی حد ''اسپیڈ لمٹ '' 70 کلومیٹرفی گھنٹہ مقررکردی گئی ہے اوراس حدرفتار کو عبور کرنے کی صورت میں گاڑی بند ہوجائے گی۔

مقبول خبریں