علم ِفلکیات کی روشنی میں آپ کا یہ ہفتہ

 اتوار 17 مارچ 2024
18 تا 24 مارچ 2024

18 تا 24 مارچ 2024

برج حمل
سیارہ مریخ
21 مارچ تا 20 اپریل
اس ہفتے کے آخری تین ایام سے ایک اہم وقت شروع ہونے جارہا ہے۔ آپ کا سیارہ مریخ جیل، اسپتال، بیرون ملک اور خفیہ امور کو متحرک کررہا ہے۔ یہاں آپ کے اخراجات بڑھ سکتے ہیں۔ آپ کی توانائی کا گراف نیچی پرواز کرسکتا ہے۔ آپ کی حساسیت بڑھ سکتی ہے۔ مذکورہ امور سے اگر آپ منسلک ہیں تو فائدے متوقع ہیں۔

برج ثور
سیارہ زہرہ
21اپریل تا 20 مئی
آپ کا سیارہ زہرہ اپنے شرفی مقام سے گزر رہا ہے، یہاں مریخ بھی داخل ہورہا ہے۔ بیرون ملک لین دین میں کام یابی اور فائدہ ہوسکتا ہے۔ پرانے دوستوں سے روابط میں بہتری اور ان کے ساتھ مل کر بزنس کے نئے راستے کھل سکتے ہیں۔ ایسی جگہ سرمایہ کاری کرتے ہوئے نظر آتے ہیں جہاں دوسرے رسک نہیں لیتے یہ مالی لحاظ سے اچھا ہے لیکن پھر بھی محتاط رہیں۔

برج جوزا
سیارہ عطارد
21مئی تا 21 جون
آپ کا سیارہ دوستوں کے گھر میں حکم راں دوست کے ساتھ ہے ایسا دوست جو اس وقت کرسی پر موجود ہے۔ اس کے ساتھ امور کی انجام دہی میں آپ کو ذہنی الجھاؤ محسوس ہوسکتا ہے لیکن اس میں آپ کا فائدہ ہونا لازم ہے خود کو پرسکون اور تحمل برقرار رکھیں۔

برج سرطان
سیارہ قمر
22جون تا 23 جولائی
آپ کی آمدن کے گھر کا سیارہ اپنے شرف کے مقام میں داخل ہوچکا ہے اور زہرہ بھی شرف میں ہے شرف کا مطلب سیارہ اپنی اعلیٰ ترین قوت میں ہے۔ اس وقت میں دوستوں سے اچھے تعلق، گھر کا سکھ اور مالی فائدہ یقینی نظر آرہا ہے، بزرگوں کی صحت متاثر ہوسکتی ہے۔

برج اسد
سیارہ شمس
24جولائی تا 23 اگست
آپ کا سیارہ اعلٰی تعلیم، بزرگوں اور سنیئرز کا تعاون حاصل رہے گا، پرانی ڈوبی ہوئی رقم مل سکتی ہے، اپنی اور اپنے شریکِ حیات کی صحت کا خیال رکھیں، صحت حوالے سے مستقل خیال رکھنے کی ضرورت ہے ورنہ چھوٹی سی بیماری مستقل بیماری میں تبدیل ہوسکتی ہے۔

برج سنبلہ
سیارہ عطارد
24 اگست تا 23 ستمبر
آپ کا سیارہ خوف خدشات کے مقام پر ہے۔ یہاں راہو بھی موجود ہے۔ آپ کو کچھ تفکرات ضروری اور کچھ غیرضروری لاحق ہوسکتے ہیں۔ ایسے میں ذہنی طور پر الجھے رہ سکتے ہیں حالاںکہ اس کی ضرورت نہیں ہے۔ اپنے ساتھی پر یقین رکھیں اور بے یقینی کو سر نہ اٹھانے دیں۔ قسمت آپ کا ساتھ دے رہی ہے۔

برج میزان
سیارہ زہرہ
24 ستمبر تا 23اکتوبر
آپ کا سیارہ بزنس اور کام کاج کے مقام پر شرف میں آچکا ہے۔ آپ کے دوستوں کا سیارہ بھی شرف میں ہے۔ ابتدائے ہفتہ میں ہی آپ نیا کاروبار یا کام میں نئی شروعات کرسکتے ہیں۔ حالات موافق دکھائی دیتے ہیں، آخری ایام میں صحت کی خرابی وجہ سے اخراجات ہوسکتے ہیں۔ اسپتال جانا پڑسکتا ہے۔

برج عقرب
سیارہ پلوٹو
24 اکتوبر تا 22 نومبر
آپ کے کام اور ملازمت میں آپ کی کارکردگی کی وجہ سے آپ کو سراہا جائے گا۔ آپ کی عزت و شہرت ہوتے دکھائی دیتی ہے، گذشتہ ایک ماہ سے آپ جس جمودی کیفیت سے گزر رہے تھے اس ہفتے اس کا خاتمہ ہوجائے گا اور آپ خود کو ہلکا پھلکا اور اپنے امور بہ آسانی انجام دے سکنے کی توانائی محسوس کریں گے۔ محبت مہربان رہے گی۔

برج قوس
سیارہ مشتری
23 نومبرتا 22 دسمبر
کاروبار اور کام خصوصا آن لائن کاموں سے وابستہ مشکلات اس ہفتے آسانی میں تبدیل ہوتی دکھائی دیتی ہیں۔ ممکن ہے آپ اپنا کام اپنے گھر ہی سے بیٹھ کے انجام دے سکیں۔ اولاد کی خوشی مل سکتی ہے۔ اولاد کی اعلٰی تعلیم کے لیے آسانی ہوگی۔

برج جدی
سیارہ زحل
23 دسمبر تا 20 جنوری
آپ کا سیارہ زحل تیسرے سفر، تحریر وتقریر اور روابط کے امور میں متحرک ہے، جہاں آپ کے کیریئر کے گھر کا مالک بھی اپنی بہترین توانائی فراہم کررہا ہے۔ مذکورہ امور میں آپ کے لیے آسانیاں نظر آرہی ہیں۔ آپ کو ان سے فائدہ ہوگا۔ دوستوں سے تعلق میں بہتری ہوگی نیا لباس یا نئی سواری کا حصول ممکن ہے۔

برج دلو
سیارہ یورنیس
21 جنوری تا 19 فروری
آپ کی جیب میں زہرہ سیارہ جو کہ آپ کی رہائش اور دوردراز سے وابستہ افراد کا نمائندہ ہے شرف میں آچکا ہے۔ بیرون ملک سے مالی فائدہ ہوسکتا ہے، نیا لباس، مکان یا سواری کا حصول ممکن ہے، اگر آپ سفر کا سوچ رہے ہیں تو ضرور کریں تیزی سے سفر ہوگا اور اس میں کسی بڑے حکومتی عہدے دار سے فائدہ ہوسکتا ہے۔

برج حوت
سیارہ نیپچون
20 فروری تا 20 مارچ
آپ کا سیارہ شرفی سیارے زہرہ کے ساتھ ملاقات کررہا ہے۔ دوستوں سے میل ملاقات اور زمین سے منسلک کاموں میں فائدہ ہوسکتا ہے۔ سفر اور سفر میں کسی مذہبی شخصیت سے ملاقات کا امکان ہے۔ کھانے پینے میں محتاط رہیں ایسا کچھ نہ کھائیں جو صحت کے لیے ذرا سا بھی غیرموزوں ہو۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔