نشے کی حالت میں گاڑی چلانا روینہ ٹنڈن پر مشتعل افراد کا حملہ

اداکارہ اور ان کے ڈرائیور پر خواتین پر تشدد اور ہراساں کرنے کا الزام بھی عائد کیا گیا


ویب ڈیسک June 02, 2024
روینہ ٹنڈن اور ان کے ڈرائیور پر خواتین کو تشدد کا نشانہ بنانے اور ہراساں کرنے کا الزام بھی عائد کیا گیا

بھارتی اداکارہ روینہ ٹنڈن کے گھر کے باہر کارپارکنگ کے مسئلے پر ہونے والے جھگڑے نے تصادم کی صورت اختیار کرلی جس میں تین افراد کے زخمی ہونے کی بھی متضاد اطلاعات ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ معاملہ اس وقت شروع ہوا جب ماضی کی مقبول ہیروئن روینہ ٹنڈن کے ڈرائیور نے تیزی سے گاڑی ریورس کرنے کی کوشش اور وہاں سے گزرنے والی گاڑی بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی۔

اُس گاڑی میں سوار افراد اور روینہ ٹنڈن کے ڈرائیور کے درمیان تلخ کلامی ہوئی اور اس دوران اہل محلہ بھی جمع ہوگئے یہاں تک کہ اداکارہ کو اپنی مدد کے لیے پولیس کو بلانا پڑ گیا۔

اس دوران دوسری گاڑی میں سوار ایک شخص نے سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل کی جس میں اُس نے اداکارہ اور ان کے ڈرائیور پر گاڑی میں موجود خواتین پر تشدد اور ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا۔

مخالف فریق نے روینہ ٹنڈن اور ان کے ڈرائیور پر نشے میں دھت ہو کر گاڑی چلانے کا الزام بھی عائد کیا۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پر ہی ایک اور ویڈیو بھی وائرل ہوئی ہے جس میں گاڑی میں بیٹھی ہوئی اداکارہ روینہ ٹنڈن کو ہجوم سے تشدد نہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ایک اور اطلاع کے مطابق اداکارہ روینہ ٹنڈن اپنی گاڑی میں نہیں بلکہ اپنے گھر میں تھی اور جب ان کا ڈرائیور گھر میں گاڑی داخل کر رہا تھا تب یہ حادثہ رونما ہوا اور وہ باہر آئی تھیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جھگڑے کے بارے میں کال موصول ہونے پر جائے وقوعہ پر پہنچے۔ اداکارہ، ان کے ڈرائیور اور دیگر ملازمین سے بھی پوچھ گچھ کی۔

پولیس کے مطابق دوسرا فریق جا چکا تھا جنھیں بعد میں تھانے طلب کیا تاہم انھوں نے شکایت درج کرانے سے انکار کر دیا۔

پولیس کے بقول اس واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا اور نہ ہی گاڑیاں آپس میں ٹکرائی تھیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں