خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی نے پہلے چار ماہ میں 14.8 ارب روپے کے محاصل اکٹھے کر لیے

گزشتہ مالی سال کے پہلے چار ماہ کے مقابلے میں 40 فیصد زیادہ ہیں


ویب ڈیسک November 01, 2024

PESHAWAR:

خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی (کیپرا) نے رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں 14.8 ارب روپے کے محاصل اکٹھے کر لیے جو کہ گزشتہ مالی سال کے پہلے چار ماہ کے مقابلے میں 40 فیصد زیادہ ہیں۔

ترجمان کیپرا کے مطابق اتھارٹی نے گزشتہ مالی سال کے پہلے چار ماہ میں 10.58 ارب روپے کے محاصل اکٹھے کیے تھے، جس سے رواں مالی سال کے دوراں محاصل میں 40 اضافے کی تصدیق ہوتی ہے۔ مجموعی طور پر گزشتہ مالی سال کے پہلے چار ماہ کے مقابلے میں رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران کیپرا کے محاصل میں 4.26 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔

رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں سیلز ٹیکس آن سروسز کی مد میں 11.25 ارب روپے جبکہ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سس کی مد میں 3.59 ارب روپے کے محاصلے اکٹھے کیے گئے ہیں۔ گزشتہ مالی سال کے پہلے چار ماہ میں کیپرا نے سیلز ٹیکس آن سروسز کی مد میں 9.3 ارب روپے جبکہ انفراسٹرکچر ڈیویلپمنٹ سس کی مد میں 1.28 ارب روپے جمع کیے تھے۔

اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران سیلز ٹیکس آن سروسز کی مد میں 21 فیصد جبکہ انفراسٹرکچر ڈیویلپمنٹ سس کی مد میں 180 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی فوزیہ اقبال نے کیپرا کے افسران کی شاندار کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ اگر ہم اسی جوش و جذبے کے ساتھ کام کرتے رہے تو جون کے اختتام پر ہم نہ صرف رواں مالی سال کے لیے دیے گئے ہدف کو حاصل کریں گے بلکہ دیے گئے ہدف سے زیادہ کے محاصل اکٹھے کر لیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے