کراچی:
شہر قائد میں اتوار اور پیر کو موسم کیسا ہوگا؟ اس حوالے سے ماہرین نے خبردار کردیا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کل اتوار اور پرسوں پیر (29 اور 30 دسمبر) کو کراچی میں درجہ حرارت مزید گرنے کے نتیجے میں سخت سردی پڑنے کا امکان ہے۔
ارلی وارننگ سینٹر کی جانب سے کی گئی پیش گوئی میں کہا گیا ہے کہ اتوار اور پیر کو کراچی کا کم سے کم پارہ سنگل ڈیجیٹ 8ڈگری تک گرسکتا ہے جب کہ شہر میں چندروز کے دوران مشرقی/ شمال مشرقی سمت کی ہوائیں چلنے کی توقع بھی ہے۔
متوازی سمت کی ہواؤں کے سبب موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں: کراچی میں رواں سال کی سرد رات
اسی طرح سندھ بھر میں سردی کی شدید لہر بدستور برقرار ہے۔ مختلف اضلاع میں رات کا درجہ حرارت 3 سے5 ڈگری کم ریکارڈ ہو سکتا ہے جب کہ بالائی اور وسطی اضلاع میں صبح کے وقت دھند پڑنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
کراچی میں رواں سال کی سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں گزشتہ شب رواں سال کی سرد ترین رات رہی۔شہر کے سرکاری ویدر اسٹیشن پر کم سے کم درجہ حرارت 8.5 ریکارڈ کیا گیا۔ گلستان جوہر میں درجہ حرارت 6.5 ڈگری تک گر گیا۔
اس سے قبل 14 دسمبر 1986 کو کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 3۔1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔