وزارت خزانہ کی درخواست پر چیف جسٹس کی آئی ایم ایف وفد سے اہم ملاقات

ملاقات نے قانونی حکمرانی کو معاشی، سماجی ترقی کی بطوربنیاد مستحکم کرنے کے عزم کی تصدیق کی، سپریم کورٹ اعلامیے کا متن


ویب ڈیسک February 11, 2025

چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی نے وزارت خزانہ کی درخواست پر سپریم کورٹ میں عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)  کے خصوصی وفد سے ملاقات  کی۔

سپریم کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق جوئیل ترکویٹز کی قیادت میں آئی ایم ایف وفد نے چیف جسٹس سے ملاقات کی، چیف جسٹس نے وفد کا خیرمقدم کیا اور عدالتی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے جاری کوششوں کا جائزہ پیش کیا۔

بیان کے مطابق  چیف جسٹس نے کہا پاکستان میں عدلیہ ایک آزاد ادارہ ہے اور بطور سربراہ اس کی خودمختاری کا تحفظ ان کی ذمہ داری ہے، چیف جسٹس پاکستان نے کہا عام طور پر عدلیہ کا ایسے مشنز سے براہ راست رابطہ نہیں ہوتا،  چونکہ وزارت خزانہ کی درخواست پر یہ ملاقات ہو رہی ہے، اس لیے وہ اپنے خیالات اور تبصروں میں محتاط رہیں گے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ چیف جسٹس پاکستان نے جوڈیشل کمیشن  سے متعلق اہم آئینی پیش رفت اور اصلاحات پر روشنی ڈالی، چیف جسٹس نے اعلیٰ سطحی عدالتی تقرریاں، عدالتی احتساب، اور جوڈیشل کمیشن کی تنظیمِ نو کے بارے میں بتایا، چیف جسٹس بے عدلیہ اور پارلیمانی کمیٹی کے انضمام کے فوائد پر روشنی ڈالی تاکہ عدالتی تقرری کے عمل کو زیادہ شفاف اور مؤثر بنایا جا سکے۔

 اعلامیہ  کے مطابق چیف جسٹس نے کہا نیشنل جوڈیشل پالیسی میکنگ کمیٹی کے آئندہ اجلاس کے لیے ایک اہم ایجنڈا حتمی شکل دینے کے عمل میں ہے، نیشنل پالیسی میکنگ کمیٹی کا حتمی ایجنڈا فروری کے آخری ہفتے میں متوقع ہے، یہ ایجنڈا مختلف شراکت داروں کے ساتھ مشاورت کے بعد ترتیب دیا جا رہا ہے، چیف جسٹس نے کہا وہ مجوزہ ایجنڈے میں کسی بھی اہم تجویز کو شامل کرنے کے لیے کھلے ہیں اور وفد کو دعوت دی کہ وہ بھی کوئی کلیدی تجویز پیش کریں۔

اس میں کہا گیا کہ ملاقات کے دوران عدالتی احتساب اور ججوں کے خلاف شکایات کے ازالے کے طریقہ کار پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

چیف جسٹس نے ایک مضبوط اور منصفانہ احتسابی عمل کی اہمیت پر زور دیا تاکہ عدلیہ کی خودمختاری اور دیانت کو برقرار رکھا جا سکے، آئی ایم ایف کے وفد نے قانونی اور ادارہ جاتی استحکام کو برقرار رکھنے میں عدلیہ کے کردار کو سراہا اور گورننس اور احتساب کو مضبوط بنانے کے لیے جاری اصلاحات کی تعریف کی۔ 

اعلامیے کے مطابق اس تبادلہ خیال نے عدالتی کارکردگی کو بہتر بنانے اور قانون کی حکمرانی کو معیشت اور سماجی ترقی کی بنیاد کے طور پر مستحکم کرنے کے عزم کی تصدیق کی، ملاقات میں رجسٹرار سپریم کورٹ، سیکریٹری سپریم جوڈیشل کونسل، سیکریٹری جوڈیشل کمیشن، سیکریٹری لاء اینڈ جسٹس کمیشن اور ڈائریکٹر فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی نے بھی شرکت کی۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ ملاقات کے اختتام پر چیف جسٹس پاکستان نے وفد کو یادگاری تحفہ پیش کیا، جسے وفد نے خیر سگالی کے اظہار کے طور پر قبول کیا اور چیف جسٹس کا شکریہ ادا کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں