پاکستان کے مشہور گلوکار عاطف اسلم نے ایک بار پھر سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی ہے، لیکن اس بار کسی نئے گانے کی وجہ سے نہیں بلکہ ویلنٹائن ڈے پر کی گئی ایک مزاحیہ پوسٹ کے باعث ایسا ہوا ہے۔
عاطف اسلم نے انسٹاگرام پر ایک مزاحیہ ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ ایک سڑک کے کنارے افسردہ بیٹھے نظر آ رہے ہیں، جبکہ ان کے سامنے ایک گھر شادی کی روشنیوں سے جگمگا رہا ہے۔
ویڈیو کے اوپر لکھا تھا: "وہ کہتی تھی میں اکیلے مر جاؤں گی، کسی اور سے شادی نہیں کروں گی۔" یہ الفاظ سن کر مداحوں کو ایک ہی وقت میں ہنسی اور ماضی کی یادوں کا جھٹکا لگا۔
ویڈیو میں پس منظر میں عاطف اسلم کا مشہور گانا "تیرے بن" چل رہا ہے، جس نے ویڈیو کو مزید جذباتی اور دلچسپ بنا دیا۔
عاطف کے اس منفرد انداز کو مداحوں نے خوب پسند کیا۔مزاحیہ ویڈیوز کے علاوہ، عاطف اسلم نے حال ہی میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا آفیشل اینتھم "جیتو بازی کھیل کے" بھی ریلیز کیا ہے۔ اس گانے کو عبداللہ صدیقی نے پروڈیوس کیا، جبکہ اس کے بول عدنان دھول اور اسفند یار اسد نے لکھے ہیں۔
یہ ترانہ پاکستان کے کرکٹ کلچر اور مداحوں کے جوش و جذبے کو بہترین انداز میں پیش کرتا ہے اور سوشل میڈیا پر کافی مقبول ہو چکا ہے۔