کراچی: گولی مار کر نوجوان دوست کو قتل کرنے والے شخص نے گرفتاری دے دی

ملزم کے دوستوں نے غلط بیانات دے کر پولیس کو گمراہ کرنے کی کوشش کی


ویب ڈیسک June 01, 2025

حسین آباد میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک نوجوان کو اس کے ہی قریبی دوست نے گولی مار کر زندگی کا چراغ گل کر دیا۔

رپورٹ کے مطابق واقعے میں جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت حارث ولد عبدالعزیز کے نام سے ہوئی تھی جو عزیز آباد دو نمبر کا رہائشی اور بائیک رائیڈر تھا۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ جمعہ کی صبح پیش آیا، مقتول کا قریبی دوست دلاور واقعے کے بعد ازخود تھانے پہنچا اور گرفتاری دے دی۔

دلاور نے وڈیو بیان میں دعویٰ کیا کہ یہ واقعہ حادثاتی تھا، ملزم دلاور نے بیان میں کہا کہ حارث میرا بچپن کا دوست تھا، وہ میرے باڑے میں آیا ہوا تھا جہاں میرا پستول لوڈ حالت میں رکھا ہوا تھا۔ اچانک گولی چل گئی، یہ سب انجانے میں ہوا۔

اس کا کہنا تھا کہ میں نے جان بوجھ کر کچھ نہیں کیا۔ ملزم دلاور نے مزید انکشاف کیا کہ وہ خود حارث کو اسپتال لے کر گیا اور راستے میں مقتول اس سے باتیں بھی کرتا رہا۔

دلاور نے مقتول حارث کہ اہلِ خانہ اور تمام لوگوں سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ اسے گہرا افسوس ہے اور وہ جان بوجھ کر اپنے دوست کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتا تھا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم سے برآمد ہونے والے اسلحے کا لائسنس تاحال فراہم نہیں کیا جا سکا، جبکہ ابتدائی تفتیش میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ملزم کے دوستوں نے غلط بیانات دے کر پولیس کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔

پولیس نے ملزم کے خلاف مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

 

مقبول خبریں