مکہ مکرمہ : دنیا بھر سے 13 لاکھ سے زائد مسلمان فریضۂ حج کی ادائیگی کے لیے مقدس شہر مکہ مکرمہ پہنچ چکے ہیں۔
سعودی حکومت کی جانب سے زائرین کی خدمت اور گرمی سے بچاؤ کے لیے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔
سعودی وزیر حج توفیق ال رابعیہ کے مطابق اس سال 400 کولنگ یونٹس، 50 ہزار اسکوائر میٹر شیڈڈ ایریا، اور طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہزاروں میڈیکل اسٹاف تعینات کیا گیا ہے۔
وزیر حج کا کہنا تھا کہ مکہ اور اس کے اطراف میں 250,000 سے زائد اہلکار، 40 مختلف سرکاری اداروں کے ساتھ مل کر زائرین کی رہنمائی اور سہولت کاری میں مصروف ہیں۔ زائرین کی نقل و حرکت کو مؤثر طریقے سے مانیٹر کرنے کے لیے ڈرونز اور جدید ٹیکنالوجی کا بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ پچھلے سال حج کے دوران گرمی کی شدت سے 1300 سے زائد اموات ہوئیں جس کے پیش نظر اس سال خاص حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔
فلپائن سے آنے والے حاجی عبدالمجید کا کہنا ہے کہ "ہم اللہ کے مہمان بن کر آئے ہیں، یہاں بہت محفوظ اور اطمینان محسوس کر رہے ہیں"۔ نائجیریا سے آئے عبدالحامد نے کہا کہ "یہ میرا دوسرا حج ہے، یہاں کا موسم بہت گرم ہے لیکن انتظامات بہت اچھے ہیں۔"