صحت مند لوگوں میں دائمی بیماریاں تشخیص کرنے والے ڈاکٹر کو 10 سال قید

ڈاکٹر کی عمر 68 سال ہے جس کی شناخت خورکے زامورا کیزادا کے نام سے ہوئی ہے


ویب ڈیسک June 07, 2025

حال ہی میں امریکی ریاست ٹیکساس کے ایک ڈاکٹر کو صحت مند افراد میں جعلی طور پر دائمی بیماریوں کی تشخیص کرنے اور غیر ضروری مہنگے علاج تجویز کرنے کے جرم میں 10 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

ڈاکٹر کی عمر 68 سال ہے جس کی شناخت خورکے زامورا کیزادا کے نام سے ہوئی ہے۔ پیشے کے لحاظ سے خورکے (جوڑوں کے امراض کا ماہر ڈاکٹر ہے)۔

ڈاکٹر پر لگائے گئے الزامات میں صحت مند مریضوں کو جعلی طور پر رمیٹائڈ آرتھرائٹس جیسی دائمی بیماریوں میں مبتلا قرار دینا شامل ہے تاکہ مہنگے اور غیر ضروری علاج تجویز کر کے بیمہ کمپنیوں سے بھاری رقوم وصول کی جا سکیں۔

ڈاکٹر نے تقریباً 118 ملین ڈالرز کے جعلی میڈیکل کلیمز جمع کروائے جن میں سے 28 ملین ڈالرز سے زائد کی رقم بیمہ کمپنیوں نے ادا کی۔ پردہ فاش ہونے پر ڈاکٹر کو عدالت نے 10 سال قید اور 3 سال نگرانی کی سزا سنائی ہے۔

عدالت نے ڈاکٹر کی 28.2 ملین ڈالرز کی رقم، 13 جائیدادیں، ایک نجی جیٹ اور ایک مسیراٹی کار ضبط کرنے کا بھی حکم دیا۔

غلط تشخیص کے باعث مریضوں کو غیر ضروری اور نقصان دہ علاج جیسے کیموتھراپی، خطرناک ادویات، اور انجیکشنز دیے گئے، جس سے کئی مریضوں کو فالج، جگر کے مسائل، جبڑے کی ہڈی کا گلنا اور شدید درد جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔

مقبول خبریں