کراچی:
شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے دو مختلف واقعات میں ایک شخص جاں بحق جبکہ ایک نوجوان زخمی ہوگیا۔
لیاقت آباد سی ایریا میں کرنٹ لگنے سے 40 سالہ فہیم ولد ندیم جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ پیر اور منگل کی درمیانی شب غریب نواز مسجد کے قریب ایک گھر میں پیش آیا۔
فہیم کو کرنٹ لگنے کے باعث جان کی بازی ہارنی پڑی۔ ایدھی ایمبولینس نے لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا، جہاں موت کی تصدیق ہوئی۔
مزید پڑھیں: کراچی: ڈاکوؤں کی فائرنگ سے تین شہری زخمی
بعد ازاں ورثا نے پولیس کارروائی کرائے بغیر لاش کو گھر لے جانے کا فیصلہ کیا۔ پولیس نے اس واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
دوسری جانب محمودآباد کے علاقے ایل ایریا میں ایک جھگڑے کے دوران فائرنگ سے 24 سالہ جہانزیب ولد معین خان زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ پیر اور منگل کی درمیانی شب پیش آیا۔ زخمی جہانزیب کو فوری طور پر چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس حکام نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔