بجٹ میں تنخواہیں بڑھانا اور ٹیکس گھٹانا خوش آئند

زراعت زبوں حالی کاشکار، فصل کی لاگت ہی نہیں ملے گی تو کاشت کیسے کریں گے



لاہور:

صدرکسان اتحاد خالد کھوکھر نے کہا ہے حکومت کاشکریہ اس نے مزید ٹیکس نہ لگاکر ہماری سزائے موت کو عمرقید میں بدل دیا تاہم زراعت زبوں حالی کاشکار ہے،ہمیں فصل کی لاگت ہی نہیں ملے گی تو کاشت کیسے کریں گے ؟

انھوں نے ’’ایکسپرٹس ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے کہا گندم تمام فصلوں کا انجن ہے ، اس کا نرخ اچھا ملے گا تو باقی فصلوں پر خرچ کرسکیں گے، ہمارا جینا مرنا یہی ہے مگر حکومت کاشتکار کو پینڈو اور گنوار سمجھتی ہے حالانکہ وہ غذائی تحفظ کا ضامن ہے۔ 

گروپ ایڈیٹر ایکسپریس میڈیاگروپ ایازخان نے کہا کہ حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10فیصد کرکے بڑا احسان کیا حالانکہ ارکان اسمبلی کی تنخواہوں میں چھ سو فیصد اضافہ کیاگیاجبکہ ان کے فنڈز بھی بڑھا دیے گئے، اگروزیراعلی نے کسان کی قیمت پر روٹی سستی کی تو اس کا فائدہ نہیں تاہم ٹیکس کم کرنے کا شکریہ۔ 

بیوروچیف اسلام آباد عامر الیاس رانا نے کہا کہ مجھے تو لگا بجٹ شاید ہے ہی زراعت کیلیے تاہم اتنا ہی ضروری عام آدمی بھی ہے جسے سستا آٹا اور سستی روٹی چاہیے، تنخواہ دار طبقے کیلیے انکم ٹیکس5 فیصد سے کم ہو کر ایک فیصد پر چلا گیا ہے، تعمیراتی شعبے کو ٹیکس میں ریلیف دیا گیا ہے۔

اینکرپرسن رحمٰن اظہر نے کہاکہ بجٹ میں کچھ مثبت نظر آرہا ہے، تنخواہیں بڑھانا اور ٹیکس گھٹانا خوش آئند ہے جس کیلیے حکومت کی ستائش کرنا چاہیے تاہم قرضوں کی واپسی بڑا چیلنج ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں