طلحہ انجم نے مداح کو بالوں سے پکڑ کر اسٹیج پر گھسیٹ لیا، ویڈیو وائرل

طلحہ انجم مداح کی حرکت پر سیخ پا ہوگئے


ویب ڈیسک June 16, 2025

پاکستانی ریپر طلحہ انجم ایک حالیہ کنسرٹ کے دوران پیش آنے والے واقعے کی وجہ سے خبروں کی زینت بن گئے ہیں، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طلحہ انجم اسٹیج پر موجود ہیں جب اچانک وہ ہجوم کی طرف اشارہ کرتے ہیں اور کسی مداح کو اسٹیج پر لانے کا کہتے ہیں اس شخص کو گھسیٹ کر اسٹیج کی طرف لایا جاتا ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ہجوم میں سے کسی نے ان کی طرف بوتل پھینکی جو مبینہ طور پر وہی شخص تھا۔

طلحہ اور ان کے ساتھ موجود ایک اور شخص بوتل پھینکنے والے اس مداح کو بالوں سے پکڑ کر اسٹیج پر گھسیٹ لیتے ہیں جس کے بعد سیکیورٹی اہلکار اسے بیک اسٹیج لے جاتے ہیں۔

ریپر کے ردِعمل نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ کچھ لوگ طلحہ انجم کے اس روپے کو غیر مناسب اور پرتشدد قرار دے رہے ہیں، جبکہ دیگر ان کے غصے کو ایک فطری انسانی ردعمل کہہ کر ان کا دفاع کر رہے ہیں۔

واقعے سے متعلق طلحہ انجم یا ان کی ٹیم کی جانب سے تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا تاہم یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر آگ کی طرح پھیل رہی ہے۔ ویڈیو کو لاکھوں بار دیکھا جا چکا ہے اور یہ واقعہ سیکیورٹی کے انتظامات پر بھی سوالات اٹھا رہا ہے۔

 

مقبول خبریں