لاہور سفاری زو میں شتر مرغ کے انڈوں سے ہیچنگ کا کامیاب تجربہ

شتر مرغ کے 10 صحت مند چوزوں کی پیدائش، افزائش نسل میں اہم پیش رفت قرار


آصف محمود June 18, 2025

لاہور:

سفاری زو لاہور میں شتر مرغ کی افزائش نسل کے سلسلے میں ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا گیا۔

سفاری زو میں انکیوبیٹر کے ذریعے شتر مرغ کے انڈوں سے کامیاب ہیچنگ کا پہلا تجربہ مکمل کر لیا گیا ہے۔ سفاری  زو انتظامیہ کے مطابق اس کامیاب عمل کے نتیجے میں شتر مرغ کے دس صحتمند چوزے دنیا میں آئے ہیں جو اس نایاب پرندے کی مقامی سطح پر افزائش نسل کی جانب ایک بڑی پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شتر مرغ کے انڈوں سے چوزے نکالنے کے عمل میں نمی کا بہت کم تناسب درکار ہوتا ہے، جس کے لیے خصوصی ماحول کی فراہمی یقینی بنائی گئی۔ انکیوبیٹر میں نمی کو کنٹرول کرنے، درجہ حرارت کو متوازن رکھنے اور دیگر تکنیکی تقاضوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے انڈوں کی نگہداشت کی گئی۔

ابتدائی نشوونما کے دوران چوزوں کی دیکھ بھال کے لیے خصوصی ربڑ میٹس بچھائے گئے ہیں جبکہ معاون اشیاء بھی فراہم کی گئی ہیں تاکہ چوزوں کو کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچایا جا سکے۔

انتظامیہ کے مطابق نومولود شتر مرغ کے بچے صحتمند ہیں اور بخوبی پل بڑھ رہے ہیں۔ چوزوں کی ہمہ وقت نگرانی کی جا رہی ہے اور ان کی بقا اور صحت مند نشوونما کو یقینی بنانے کے لیے ماہرین کی زیر نگرانی بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ زو انتظامیہ نے اس کامیابی کو جنگلی حیات کے تحفظ اور مقامی افزائش نسل کے پروگرام کی ایک بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔

انتظامیہ کا مزید کہنا ہے کہ شائقین جنگلی حیات اب سفاری زو میں شتر مرغ کے ان ننھے چوزوں کو قریب سے دیکھنے اور ان کی اٹھکھیلیوں سے لطف اندوز ہونے کا موقع حاصل کر سکیں گے، جس سے عوامی دلچسپی اور آگاہی میں بھی اضافہ ہوگا۔

واضح رہے کہ نجی شعبے میں کئی برسوں سے شترمرغ کی کامیاب بریڈنگ کی جارہی ہے، چند برس پہلے تک پنجاب میں شترمرغ کے درجنوں فارم بنائے گئے تھے جن میں سے اب زیادہ تر بند ہوچکے ہیں۔

 

مقبول خبریں