ڈی آئی خان؛ فتنۃ الخوارج کا پولیس پر حملہ، جوابی کارروائی  میں  دہشتگرد ہلاک، 2 زخمی

پولیس نفری ٹکواڑہ کے علاقے میں ڈیوٹی سے واپس آرہی تھی کہ دہشت گردوں نے حملہ کردیا


ویب ڈیسک June 21, 2025

فتنۃ الخوارج کے حملے کے بعد  پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک دہشت گرد ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق  ڈیرہ اسماعیل خان پولیس پر فتنۃ الخوارج کے دہشتگردوں نے حملہ کیا، جس میں پولیس کی بھرپور جوابی کارروائی میں کالعدم تحریک طالبان گنڈا پور گروپ کا سرگرم دہشتگرد فتح ولد حنان ہلاک اور 2 دہشتگرد زخمی ہو گئے جب کہ  پولیس پارٹی محفوظ رہی۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے ڈیرہ اسماعیل خان پولیس کی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ  فتنۃ الخوارج کا  پیچھا کر کے ٹھکانے لگانے کے لیے پُرعزم ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے تھانہ ہتھالہ کی حدود علاقہ ملنگ کے قریب فتنۃ الخوارج کے دہشتگردوں نے پولیس پارٹی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، جس پر پولیس نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کا حملہ پسپا کر دیا۔

ڈیرہ پولیس کی جوابی کارروائی میں کالعدم تحریک طالبان گنڈاپور گروپ کا سرگرم  دہشتگرد فتح ولد حنان ہلاک جب کہ 2 مزید دہشتگرد زخمی ہوئے۔

واضح رہے پولیس نفری ٹکواڑہ کے علاقے میں ڈیوٹی سرانجام دینے کے بعد واپس آرہی تھی کہ دہشت گردوں نے حملہ کردیا۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ اسماعیل خان سجاد احمد صاحبزادہ کی قیادت میں ایس پی صدر اور ڈیرہ پولیس کی نفری نے جائے وقوع پر پہنچ کر زخمی دہشتگردوں کی گرفتاری کے لیے سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن شروع کردیا۔

مقبول خبریں