امریکی صدر ٹرمپ کو نوبل انعام کیلئے نامزد کرنے کی حکومتی سفارش کے خلاف سینیٹ میں جمعیت علما اسلام کے رکن نے قرارداد جمع کرادی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق جمعیت علما اسلام کے سینیٹر کامران مرتضی قرارداد جمع کرائی جس میں کہا گیا ہے کہ ایران پر امریکی حملے کے بعد حکومت صدر ٹرمپ کیلئے نوبل انعام کیلئے کی گئی سفارش واپس لے۔
قراردار میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر کے احکامات سے ایران پر بمباری کی گئی، ایران پر امریکی حملہ بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے جس میں متعدد اموات ہوئیں ہیں۔
قرارداد میں لکھا گیا ہے کہ امریکی حملہ ایران کی خودمختاری کی خلاف ورزی ہے جبکہ حکومت نے عوام کی منشا کے خلاف امریکی صدر کو نوبل انعام کیلیے نامزد کرنے کی سفارش کی۔
تحریک میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر کی نامزدگی کی سفارش کیلئے کسی ایوان سے رائے نہیں لی گئی۔ لہذا اس قرارداد پر ایوان میں فوری طور پر بحث کرائی جائے۔