کراچی:
بارش نے ہفتے کو شہر میں جل تھل ایک کردیا، کہیں درمیانی اور کہیں موسلادھار بارشوں کے یکے بعد دیگرے کئی اسپیلز ہوئے، اولڈ سٹی ایریا سمیت کئی علاقوں میں اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہوئی، سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں 58.2 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی، اتوار کو بھی درمیانی اور کہیں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ برقرار رہ سکتا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ملک میں داخل ہونے والے مون سون سلسلے کے تحت ہفتے کوشہربھرمیں کہیں درمیانی اورکہیں تیزبارشوں کا سلسلہ جاری رہا، چند مقامات پر موسلادھار بارش ہوئی، شہرکے علاقوں آئی آئی چندریگر، کلفٹن، سہراب گوٹھ، میٹ کمپلیکس، سرجانی ٹاؤن، اورنگی ٹاون، ڈیفنس فیز2، کلفٹن، ڈی ایچ اے، ملیر، بولٹن مارکیٹ، صدر، نشتروڈ، جیل روڈ سمیت وقفے وقفے سے بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں 58.2ملی میٹرریکارڈ ہوئی، سعدی ٹاون 47.5، گلشن معمار37.4، گلشن حدید37، پی اے ایف فیصل 31، نارتھ کراچی29.8، جناح ٹرمینل 29.2، ڈی ایچ اے 25.5، کورنگی 25.2، یونیورسٹی روڈ24، ناظم آباد 20.5، اورنگی ٹاون 19.4، کیماڑی 18.5، اولڈ ائیرپورٹ18.2، پی اے ایف مسرور10، بحریہ ٹاون میں 6.3 ملی میٹربارش ریکارڈ ہوئی۔
بڑی شاہراؤں کی صورتحال تو قدرے بہتر رہی مگراندرونی سڑکیں تالاب بن گئیں، گورنر ہاؤس اور ڈیفنس موڑ کے قریب سڑک دریا کا منظر پیش کرنے لگیں، لیاقت آباد، سرجانی ٹائون، نارتھ کراچی، اورنگی ٹائون، گلشن اقبال اور اولڈ سٹی ایریا میں کئی سڑکیں اور خاص طور پر نشیبی علاقے زیرآب آگئے، نارتھ کراچی اقبال پلازہ کے قریب نالہ ابل پڑا، کئی علاقوں میں گٹر کا پانی باہر آنے سے تعفن پھیل گیا، پانی جمع ہونے سے کئی سڑکوں پر ٹریفک جام بھی رہا، گرومندر سےنمائش چورنگی جانے والا ایک ٹریک پانی میں ڈوب گیا۔
نارتھ کراچی اقبال پلازا کے قریب نالہ ابل پڑ، گورنر ہاؤس کے قریب سڑک دریا بن گئی، کورنگی روڈ ڈیفنس موڑ کے قریب بھی سڑک، سروس روڈ اور فٹ پاتھ بھی اربن فلڈنگ جیسے صورتحال کا منظر پیش کرنے لگی، لیاقت آباد، سرجانی ٹائون، نارتھ کراچی، اورنگی ٹائون، گلشن اقبال اوراولڈ سٹی ایریا میں کئی سڑکیں اور خاص طورپرنشیبی علاقےزیر آب آگئے،صورتحال پرشہری برہم دکھائی دیے۔
سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے شارع فیصل، شاہراہ پاکستان، راشد منہاس روڈ پر ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی، کئی شاہراؤں پر ٹریفک جام رہا، درجنوں کاریں جبکہ سیکڑوں کی تعداد میں موٹرسائیکلیں خراب ہوئیں، مسافر بسوں کی چھتوں پر سفر کرتے دکھائی دیے۔
محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر نے پیر تک بارشوں کا سسٹم برقرار رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ اعلامیے کے مطابق اتوار کو شہر میں کہیں درمیانی جبکہ کہیں موسلادھار بارشیں ہونے کی توقع ہے، پیر کو مطلع جزوی ابرآلود اورہلکی بارش کا امکان رہےگا۔
ارلی وارننگ سینٹر کے مطابق صوبے میں مون سون کی تیز لہریں مسلسل داخل ہورہی ہیں، اس کے زیراثر دیہی سندھ کے جامشورو، دادو، بدین، ٹھٹھہ، سجاول، حیدر آباد، مٹیاری، سانگھڑ، ٹنڈو الہ یار، ٹنڈو محمد خان، شہید بینظیر آباد، نوشہرو فیروز میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ تھرپارکر، لاڑکانہ، شہدادکوٹ، شکارپور، خیرپور، جیکب آباد، گھوٹکی اور کشمور میں آج (اتوار) تک بارشوں کا سلسلہ برقراررہ سکتا ہے۔
موسلا دھار بارش/آندھی اور بجلی گرنے سے روزمرہ کے معمولات، شہری سیلاب، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوسکتا ہے اور پیش گوئی کی مدت کے دوران کمزور ڈھانچے، کچے گھروں بجلی کے کھمبوں، سولرپینل وغیرہ کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
بجلی کا نظام درہم برہم، متعدد علاقوں میں طویل بندش
کراچی میں بارش کے بعد شہر میں بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی طویل بندش رہی، آنکھ مچولی کا سلسلہ بھی جاری رہا جبکہ لوڈشیڈنگ سے مستشنی علاقوں میں بھی بجلی بند رہی، 500 سے زائد فیڈرز متاثر رہے جبکہ ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ شہر میں بجلی کی فراہمی معمول پر رہی صرف 170 فیڈرز متاثر ہوئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی میں ہفتہ کو بارش کا سلسلہ صبح سے شروع ہوگیا جس کے بعد شہر میں بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا، شہر کے 500 سے زائد فیڈرز متاثر ہوئے جس کی وجہ سے بجلی کی طویل بندش رہی۔ ایسے علاقوں میں بجلی بند کردی گئی جہاں بارش پوئی ہی نہیں تھی۔
اطلاعات کے مطابق بارش کے بعد شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی تھی جن میں کورنگی، لانڈھی، شاہ فیصل کالونی، گلستان جوہر، گلشن اقبال، سرجانی ٹاون، گلبرگ،لیاقت آباد، بلدیہ ٹاون، اورنگی ٹاؤن، اولڈ سٹی ایریا، محمود آباد، منظور کالونی،لائنز ایریا، گلشن معمار سمیت دیگر شامل ہیں۔
کے الیکٹرک ایک بار پھر بارش میں شہر کو بلاتعطل بجلی فراہم کرنے میں ناکام دکھائی دی، شہر کے مختلف علاقوں کے پمپنگ اسٹیشنز پر بجلی کی طویل بندش رہی جس کی وجہ سے پانی کی فراہمی بھی نہیں ہوسکی جبکہ ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ کراچی میں مون سون بارش کے دوسرے روز بھی کے الیکٹرک سسٹم مجموعی طور پر مستحکم رہا۔
شہر میں وقفے وقفے بارش کا سلسلہ جاری ہے تاہم 2100 میں سے 1930 سے زائد فیڈرز سے بلاتعطل بجلی کی فراہمی جاری ہے۔ کے الیکٹرک کے 2100 سے زائد فیڈرز پر مشتمل وسیع نیٹ ورک میں سے موجودہ بارش سپیل کے دوران زیادہ سے زیادہ 170 فیڈرز متاثر ہوئے۔
ترجمان کے الیکٹرک نے بتایا کہ بارش کے دوران ایمرجنسی شکایات، نشیبی علاقوں یا کنڈے سے بجلی چوری والے علاقوں میں حفاظتی طور پر بجلی سپلائی عارضی منقطع کی جاتی ہے،ان میں سے اکثریت کو فیلڈ اسٹاف سے کلیئرنس موصول ہونے پر بحال کر دیا جاتا ہے، حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے اور بجلی کی فراہمی جاری رکھنے کے لئے کے الیکٹرک کی فیلڈ ٹیمیں 24 گھنٹے علاقوں میں سرگرم ہیں، انفرادی سطح پر بجلی سپلائی میں تعطل کو دور کرنے کیلئے کے الیکٹرک سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر رابطہ کیا جا سکتا ہےایمرجنسی صورتحال میں فوری مدد کیلئے 118 کال سینٹر پر رابطہ کرسکتے ہیں۔